پاکستان
03 اگست ، 2012

توہین عدالت قانون کالعدم ہونا حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، شاہ محمود

توہین عدالت قانون کالعدم ہونا حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، شاہ محمود

لاہور … پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے توہین عدالت کا قانون کالعدم قرار دیکر حکومت کے منہ پرطمانچہ لگایا ہے، توہین عدالت کا قانون غیر آئینی قرار دینے کا فیصلہ عمران اور تحریک انصاف کی جیت ہے۔ یہ بات انہوں نے لاہور کے صوبائی حلقے پی پی 152 میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ بیماری کی جڑ ہے اور وہ جڑ آج اس ملک کا وزیرا عظم ہے،لیکن لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو بھی عوام پہچان چکے ہیں کہ انہوں نے ساڑھے 4 سال میں کتنی بجلی پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ نوازلیگ حواس باختہ ہوچکی ہے، انہیں لاہور اپنے ہاتھوں سے جاتا دکھائی دیتا ہے، عمران خان کو زد میں لانے کیلئے ایسے ادارے کی حرمت کو پامال کیا جارہا ہے جس میں ہر پاکستانی اور شہری نے حصہ ڈالا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تنگ نظر لوگ عمران خان کے خوف سے شوکت خانم جیسے عظیم الشان ادارے کو جواز بنا کر تنقید کررہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نوازلیگ میں دڑاریں نمایاں ہوچکی ہیں کسی کو شک ہے تو دوست کھوسہ کی پریس کانفرنس دیکھ لے، خیبر پختونخوا میں بھی نواز لیگ تقسیم ہوچکی ہے، کیپٹن صفدر کی معطلی کے بعد امیر مقام اور دوسرے رہنما ایک دوسرے سے آنکھ ملا کر نہیں چل رہے۔ انہوں نے کہا کہ رحمان ملک بلوچستان میں انتشار کا ذمہ دار بھارت کو ٹھہرا رہے ہیں جبکہ زرداری منموہن سنگھ کو دعوتیں دے رہے ہیں، حکومت کی حلیف جماعتوں میں ق لیگ کی پوزیشن تو یہ ہے کہ سامنے آتے بھی نہیں، صاف چھپتے بھی نہیں۔

مزید خبریں :