03 اگست ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ 2 دن پہلے عمران خان نے چیلنج کیا تھا کہ میاں نواز شریف، چوہدری نثار یا خواجہ آصف نے اگر ان پر کرپشن کے الزام لگائے تو وہ ان کے خلاف عدالت جائیں گے لیکن وہ آج اپنے بیان سے مکر گئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نیوز کانفرنس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان اپنے اوپر عائد الزامات کا پہلے جواب دیں، پھر دوسروں پر انگلی اٹھائیں، عمران خان کو صدر زرادری کی سوئس بینکوں میں رکھی گئی دولت کی طرح لندن اور مسقط میں رکھی گئی زکوٰة کی رقم واپس پاکستان لانا ہو گی۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان بے تکی بہتان تراشی کی بجائے اپنے گناہوں پر قوم سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کینسر کے مریضوں کی رقم کو کاروبار میں لگا کر قوم کا اعتماد مجروح کیا اور خود تسلیم کیا کہ شوکت خانم کی رقم رئیل اسٹیٹ میں لگائی تھی جس میں نقصان ہوا، شفافیت اور بے رحم احتساب کے علمبردار عمران خان خود کو اب احتساب کیلئے کیوں پیش نہیں کرتے۔پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے معمولی سیاسی مفادات کیلئے قوم کے پیسے سے بنائے شوکت خانم اسپتال کو متنازع بنا دیا ۔