03 اگست ، 2012
کوئٹہ …کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام ف کے زیراہتمام برما میں مسلمانوں پرمظالم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیاگیا۔ جمعیت علمائے اسلام ف کی احتجاجی ریلی جمعیت کے ضلعی امیر و سینیٹر حافظ حمد اللہ کی قیادت میں سائنس کالج کوئٹہ سے شروع ہوئی جس میں پارٹی کے دیگر رہنما اور کارکنان شریک تھے شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر برما میں مسلمانوں پر جاری ظلم کے خلاف نعرے درج تھے احتجاجی ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی باچاخان چوک پہنچی جہاں پر مظاہرہ کیا گیا ۔ جے یو آئی ف کے ضلعی امیر حافظ حمداللہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برما میں گزشتہ کئی روز سے مسلمانوں پرمظالم کا سلسلہ جاری ہے اس صورت حال میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں ، اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے، مقررین نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ برما میں مسلمانوں پر جاری مظالم فوری بند کیا جائے۔