پاکستان
03 اگست ، 2012

امریکی مداخلت کے خلاف عید بعد کراچی سے لانگ مارچ کرینگے،حافظ سعید

کراچی … جماعت الداعوہ پاکستان کے امیر حافظ سعید نے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کے خلاف عید کے بعد لانگ مارچ کراچی میں شروع کرینگے۔ کراچی میں دعوت افطارکے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہا کہ ملک میں امریکی مداخلت کے تمام راستے بند کرنے ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سازشیں ہورہی ہیں، امریکہ اور بھارت اسے تورنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت امریکہ کو سمجھا رہا ہے کے افغانستان میں نہیں رہ سکتے تو پاکستان میں جگہ بنائے۔ حافظ سعیدنے مزید کہا کہ برما کے مسلمانوں کو بہت تکلیف دی جارہی ہے کیونکہ وہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے سب سے بڑا مسلہ ہیں، ان ہی کی وجہ سے خودکش حملے ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا سے بہت جلد مغرب کا سرمایہ دارانہ نظام ٹوٹنے والا ہے اور اسلام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امریکی میڈیا نے مسلمانوں کو دہشتگرد قرار دے دیا ہے، کچھ بھی کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو دہشت گرد ہونے کا تانہ ملتا ہے۔ حافظ سعید نے اپیل کی کے مسلمان میڈیا کھل کر اپنا کردار ادا کرے۔

مزید خبریں :