کھیل
Time 12 جنوری ، 2019

جوہانسبرگ ٹیسٹ میں بھی جنوبی افریقا کی گرفت مضبوط ہو گئی

تیسرے ٹیسٹ میں بھی جنوبی افریقا کی پاکستان پر گرفت مضبوط ہو گئی ہے۔ فوٹو: کرکٹ جنوبی افریقا

جوہانسبرگ ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقا نے اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا لیے ہیں اور پاکستان کے خلاف میزبان ٹیم کی مجموعی برتری 212 رنز تک پہنچ گئی ہے۔

جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستانی ٹیم کے پہلی اننگز میں 185 رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد جنوبی افریقا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ڈین ایلگر 5 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جب کہ ایڈم مرکرم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ڈی بریون 7 اور زبیر حمزہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ 93 کے مجموعی اسکور پر باووما بھی 23 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بن گئے۔

5 کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے پاکستانی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو  ہاشم آملہ 42 اور کوئنٹن ڈی کوک 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

قبل ازیں پاکستان نے دوسرے روز اپنی پہلی نا مکمل اننگز کا آغاز 17 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو 53 کے مجموعے پر محمد عباس 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

عباس کے بعد آنے والے اسد شفیق کھاتا کھولے بنا ہی روانہ ہو گئے، دونوں بلے بازوں کو اولیویئر نے پویلین کی راہ دکھائی۔

امام الحق نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی اور نصف سنچری کے قریب 43 رنز بناکر فلینڈر کا ہی شکار ہوئے، اس طرح پاکستان کی آدھی ٹیم 91 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی۔

امام الحق کے بعد بابر اعظم اور کپتان سرفراز احمد نے کچھ حد تک ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن 78 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد سرفراز احمد 50 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان کے بعد بابر اعظم بھی نصف سنچری سے ایک رن کی دوری پر اولیویئر کے نرغے میں آگئے جب کہ اسی اوور میں فہیم اشرف بھی بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔

محمد عامر بھی اولیویئر کی گیند پر زبیر حمزہ کو کیچ تھما کر پویلین لوٹے جب کہ شاداب خان 5 رنز بنا کر ربادا کا شکار بنے۔

اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 185 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور جنوبی افریقا کو 77 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ 

پاکستان کی جانب سے سرفراز 50، بابر اعظم 49 اور امام الحق 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے اولیویئرنے 5، فلینڈر 3 اور ربادا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید خبریں :