Time 26 جنوری ، 2019
پاکستان

سرگودھا میں گیس سلنڈر دھماکا، مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی

 لالہ زار ٹاؤن بھلوال کے ایک گھر میں سلنڈر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں مکان کی چھت گرگئی—۔جیو نیوز اسکرین گریب

سرگودھا: صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ایک گھر میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں  2 بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سرگودھا کے علاقے لالہ زار ٹاؤن بھلوال کے ایک گھر میں سلنڈر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں مکان کی چھت گرگئی۔

گیس سلنڈر کے دھماکے سے تباہ ہونے والا مکان—۔جیو نیوز اسکرین گریب

چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ  ملک کے مختلف حصوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور سلنڈرز کا استعمال بڑھنے سے حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے، خصوصاً حالیہ دنوں میں پنجاب میں گیس لیکج سے ہلاکتوں کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔

گذشتہ روز بھی حافظ آباد میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے سے مکان کی دیواریں گرگئی تھیں، جس کے نتیجے میں 12 سالہ لڑکا جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 19 جنوری کو راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں بھی ایک گھر میں گیس دھماکے سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

اس ماہ کی 15 تاریخ کو بھی راولپنڈی میں شادی والے گھر میں آگ لگنے سے دلہن سمیت 5 خواتین جاں بحق ہوگئی تھیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گھر میں آگ گیس کا کمپریسر پھٹنے سے لگی تھی۔

مزید خبریں :