پاکستان
06 اگست ، 2012

پاکستان کی ڈرونز کے بجائے ایف 16 کے استعمال کی تجویز مسترد

پاکستان کی ڈرونز کے بجائے ایف 16 کے استعمال کی تجویز مسترد

کراچی…محمد رفیق مانگٹ…امریکی اخبار’نیویارک ٹائمز‘کے مطابق واشنگٹن کے پہلے سرکاری دورے پر گزشتہ ہفتے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام نے اپنے امریکی ہم منصبوں کو بتایا ہے کہ امریکا عسکریت پسندوں کے خلاف ڈرونز حملوں کی بجائے پاکستان کو جنگی جہازایف 16 استعمال کرنے دے۔ اوباما انتظامیہ کے حکام نے ا س طرح کی تمام تجاویز کوبار بار مسترد کیا ۔اخبار کے مطابق القاعدہ کے حلیف ایک اہم ازبک عسکریت پسند گروپ’ اسلامک موومنٹ آف ازبکستان‘ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے رہنما کو پاکستان کی قبائلی پٹی میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کردیا گیا ہے۔ گروپ نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ تحریک کے رہنما عثمان عادل کو چار افرادسمیت اپریل میں میرانشاہ میں امریکی ڈرون میزائل میں ہلاک کیا گیا۔گروپ نے نئے لیڈر کے انتخاب کی وجہ سے ان کی ہلاکت کا اعلان دیر سے کیا۔ جہادی ویب سائٹس پر نظر رکھنے والی SITEانٹیلی جنس کے مطابق عادل کے نائب عثمان غازی کو ازبک عسکریت پسند تنظم کا نیا رہنما منتخب کیا گیا ہے۔ ایک سینئر پاکستانی سیکورٹی اہلکار نے بھی عثمان عادل کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ عادل کی ہلاکت ازبکستان جنگجو گروپ کے لئے شدید دھچکا ہے۔اس سے پہلے ڈرون حملے میں ازبک مبلغ طاہر یلداشیف کو بھی ہلاک کیاگیا۔ اخبار کے مطابق عادل کی ہلاکت کی خبر سے اوباما انتظامیہ کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے،پاکستانی اعتراض اور متنازعہ سویلین ہلاکتوں کے باوجود سی آئی اے کا دعویٰ ہے کہ ڈرون پروگرام کامیابی سے القاعدہ اور اس کے اتحادیوں کو پاکستان سے ختم کررہا ہے۔اخبار کے مطابق پاکستانی سرزمین کی خود مختاری کی خلاف ورزی اور جہادی گروپوں میں لوگوں کے جانے کی وجہ سے پاک فوج کے رہنما میزائل حملوں کے روکنے کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔اخبا ر کے مطابق پاک فوج کے اندر جہادی عناصر کا گھس جانا گزشتہ دنوں عوامی سطح پر زیر بحث آیا جب چار اعلیٰ فوجی افسران کو کالعدم تنظیم کے ساتھ روابط پرجیل کی سز اہوئی۔اخبار کے مطابق 40ممالک میں سرگرم کالعدم تنظیم جمہوری حکومتوں کا خاتمہ کرکے خلافت قائم کرنا چاہتی ہے۔

مزید خبریں :