Time 07 فروری ، 2019
کھیل

سرفراز فیلوک وائیو تنازع کے بعد پی سی بی میں انسداد نسل پرستی کوڈ متعارف

نیا کوڈ پاکستان سپر لیگ سے نافذ العمل ہوگا، بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں فیصلہ، پہلی بار چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی اجلاس میں شرکت کی— فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق اورسلیکٹر وسیم حیدر کو بورڈ آف گورنرز اجلاس میں طلب کرکے سلیکشن معاملات سوال جواب کیے گئے اور کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافی پر بھی بات چیت کی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی طویل المعیاد منصوبے پر کام کررہی ہے۔ کئی نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے جو اگلے دس بارہ سال پاکستان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمرز کو پاکستان ٹیم میں لانے کیلئے ایک سسٹم سے گزارا جاتا ہے۔

جمعرات کو انضمام الحق اور سلیکٹر وسیم حیدر نے گورننگ بورڈ کو بریف کیا۔ اجلاس کے بعد احسان مانی کا کہنا تھا کہ پہلی بار چیف سلیکٹر بورڈ میٹنگ میں شریک ہوئے ہیں۔ اراکین سننا چاہتے تھے کہ سلیکشن کمیٹی، سلیکشن میں کیا طریقہ کار استعمال کرتی ہے۔ ان کی پلاننگ کس طرح ہوتی ہے، جو کھلاڑی کسی وجہ سے ٹیم میں نہیں آسکتے ہیں انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کے ذریعے سپورٹ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے کراچی میں میچ کھیل کر پاکستان کے حوالے سے منفی تاثر کو رد کردیا ہے۔ ٹی ٹوئینٹی سیریز کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو ویسٹ انڈین بورڈ کی جانب سے تعریفی خط ملا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی لڑکیوں نے کراچی میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی انجوائے کیا ہے۔

چیئرمین نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہوگا جس کے آٹھ میچ کراچی میں ہوں گے۔ اس ٹورنامنٹ سے ہونے والی آمدنی کے فوائد جلد آنا شروع ہوجائیں گے۔ اس سال پی ایس ایل میں 40 غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے اور 30 غیر ملکی کھلاڑی پاکستانی آئیں گے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب یہ ٹورنامنٹ بڑا قدم ہوگا۔

احسان مانی نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب بہت کام ہورہا ہے۔

سرفراز کے رویے کے بعد انسداد نسل پرستی کوڈ متعارف

ڈربن ون ڈے میں کپتان سرفراز احمد اور جنوبی افریقی آل راؤنڈر فیلوک وائیو کے واقعے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی انسداد نسل پرستی (اینٹی ریسزازم) کوڈ نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ نیا کوڈ پاکستان سپر لیگ سے نافذ العمل ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجوزہ ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے میں میچوں کی تعداد کم کرکے کوالٹی کرکٹ میچ کرانے پر بھی زور دیا ہے۔ اس وقت گراؤنڈ ز پر حد سے زیادہ میچ ہورہے ہیں۔

لاہور میں ہونے والا گورننگ بورڈ کا اجلاس چھ گھنٹے جاری رہا جس میں نئے ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے پراراکین کو بریفنگ دی گئی۔ اس بات پراتفاق کیا گیا کہ نئے ڈھانچے کے خاکے کو حتمی شکل دینےسے قبل اسے منظوری کیلئے بورڈ آف گورنرز کے سامنے پیش کیا جائے گا جس کےبعد یہ سسٹم لاگو ہوگا۔

گورننگ بورڈ کی جانب سے نئے ڈھانچے کی سفارشات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس جلد نیا ماڈل منظوری کیلئے بھیجے گی۔ انہوں نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں کوالٹی لانا چاہتے ہیں۔ گراؤنڈز اور پچز کا حد سے زیادہ استعمال ہورہا ہے ان ٹورنامنٹس میں ایسے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جن کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ ایسے کھلاڑیوں کے مستقبل کا بھی خیال رکھا جائے گا اور ان کیلئے بھی راستہ نکالیں گے تاکہ کھلاڑی بے روز گار نہ ہوں۔

چیئرمین نے کہا کہ ڈومسیٹک ٹورنامنٹ میں مقابلے کا رجحان ہوگا اور اس ٹورنامنٹ سے ہمیں ٹاپ کلاس کھلاڑی ملیں گے۔ ڈومیسٹک سسٹم میں بہتری کے ساتھ ساتھ جونیئر ٹیموں کے دوروں کو دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ گورننگ بورڈ کے علم میں یہ بات آئی کہ 123 دن میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے پچاس دن کرکٹ کھیلی جس میں 8 ٹیسٹ، 8 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل شامل تھے۔

مزید خبریں :