16 فروری ، 2019
پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے باعث اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ پاکستان سپر لیگ کی کوریج کرنے والے کریو میں شامل دو درجن سے زائد بھارتی شہری کراچی اور لاہور کیلئے سفر نہیں کرسکیں گے۔
کوریج کریو میں متعدد کیمرہ مین، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سمیت دیگر ٹیکنیکل عملہ بھی شامل ہے تاہم پی سی بی نے پلان بی کے تحت پاکستانی کریو کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے ۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن نے بتایا کہ اس بارے میں فیصلہ سیکیورٹی ماہرین کی مشاورت سے کریں گے، ہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی تک کریو پروگرام کے مطابق پاکستان جائے گا تاہم غیر معمولی صورتحال کی صورت میں پی سی بی کے پاس متبادل پلان موجود ہے۔
بھارتی کریو کی عدم موجودگی میں پاکستان سپرلیگ کے پاکستان میں ہونے والے آٹھ میچوں کی کوریج کی کوالٹی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پی سی بی نے پی ایس ایل کی کوریج کیلئے ایک بھارتی کمپنی کی خدمات حاصل کی ہوئیں ہیں اور یہی وجہ ہے کریو میں اکثریت بھارتی شہریوں کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کریو کیلئے پاکستانی ویزے دبئی سے حاصل کئے جارہے ہیں تاہم کریو کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے فارن آفس کی ہدایت کو نظر انداز کرکے پاکستان کا سفر کیا تو وطن واپسی پر ہمیں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
کراچی اور لاہور کے میچوں کیلئے پی سی بی نے دو مختلف کریو کی خدمات حاصل کیں تھیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اب پاکستانی کریو کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔