09 اپریل ، 2019
پیپلز پارٹی رہنما اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کو ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ساتھ پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر پر بھی کرپشن کے الزامات لگائے تھے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سابق ایم این اے گیس چوری میں ملوث ہیں، حنا ربانی کھر 2 سال سے بجلی چوری کے کیس میں حکم امتناع پر ہیں۔
وزیر اطلاعات کے الزامات پر حنا ربانی کھر بھی اپنے دفاع میں میدان میں آ گئیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں فواد چوہدری کو ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ اپنے 16 سالہ سیاسی کیرئیر میں ہمیشہ کوشش کی کہ تعن و تشنیع اور جھوٹے الزامات کو اہمیت نہ دوں لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سیاست اب صرف نام پکارنے، جھوٹے الزامات لگانے اور کردار کشی تک محدود ہو گئی ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما کی جانب سے ہرجانے کے دعوے کے اعلان کے بعد فواد چوہدری نے بھی سوشل میڈیا پر حنا ربانی کھر کے بلوں کی تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی وکیلوں پر پیسہ ضائع کرنے کے بجائے اپنے بلوں کے بقایاجات ادا کر دیں۔