26 اپریل ، 2019
چمن: ضلع میں پولیو ٹیم پر حملے اور اس کے نتیجے میں خاتون ورکر کے جاں بحق ہونے کے بعد ایک بار پھر سخت سیکیورٹی میں پولیو مہم شروع کردی گئی ہے۔
گزشتہ روز سلطان زئی کے علاقے میں نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیو ٹیم پر حملہ کیا تھا اور ملزمان کی فائرنگ سے ایک خاتون پولیو ورکر جاں بحق جب کہ ایک زخمی ہوئی تھیں۔
جاں بحق ہونے والی پولیو ورکر نسرین کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کیا گیا جن کی نماز جنازہ میں اعلیٰ سرکاری حکام سمیت قبائلی و سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
لیویز حکام کے مطابق پولیو ٹیم پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف لیویز کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں انسداد دہشتگردی، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
دوسری جانب آج چمن میں ڈی سی شفقت انور شاہوانی کی زیر صدارت پولیو مہم سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت، عالمی ادارہ صحت، مختلف سیکورٹی اداروں کے حکام، ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل پولیو کمیونیکیشن سپورٹ سمیت پولیو افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں قومی انسداد پولیو مہم سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے جس کے تحت چمن میں انسداد پولیو مہم آج سے دوبارہ شروع کردی گئی۔
اجلاس کے بعد ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں پولیو مہم دوبارہ شروع کردی گئی ہے، تمام ٹیموں کو متعلقہ علاقوں میں پہنچا کر مکمل سیکیورٹی فراہم کردی ہے۔