پاکستان

وزیراعظم کی ترین اور شاہ محمود سے الگ الگ ملاقات، کشیدگی ختم کرنے کی ہدایت

ملاقات میں وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے حکومتی معاملات بھی زیر بحث آئے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے درمیان سرد جنگ ختم کرانے کے لیے سرگرم ہوگئے اور اس سلسلے میں انہوں نے دونوں رہنماؤں سے الگ الگ ملاقات بھی کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دو روز قبل جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور انہیں کشیدگی دور کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے حکومتی معاملات بھی زیر بحث آئے جب کہ وزیراعظم نے دونوں رہنماؤں سے صوبائی کابینہ کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے بعد خیبر پختونخوا کابینہ میں بھی تبدیلوں کا امکان ہے۔ 

یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کئی مرتبہ ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں اور تحریک انصاف کے دونوں رہنماؤں کے درمیان کشیدگی اس وقت شدت اختیار کر گئی تھی جب شاہ محمود نے جہانگیر ترین کے کابینہ اجلاس میں شرکت پر سوال اٹھایا تھا۔

جہانگیر ترین نے شاہ محمود کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ  جہاں بھی جاتا ہوں عمران خان کی مرضی اور خواہش سے جاتا ہوں، مجھے پاکستان کی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا۔

وزیراعظم عمران خان کا بھی اس پر کہنا تھا کہ زراعت پالیسی پر خود جہانگیر ترین کو اسائنمنٹ دی تھی، عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں تاہم جہانگیر ترین سے بطور ایکسپرٹ بریفنگ لی۔

مزید خبریں :