کھیل

ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے کیلئے فہیم اشرف اور وہاب ریاض میں دوڑ جاری

کوچ مکی آرتھر فہیم اشرف کو ساتھ رکھنے کی خواہش رکھتے ہیں تو دوسری جانب سرفراز احمد کا ووٹ پاکستان میں بیٹھے وہاب ریاض کے حق میں ہے — فوٹو: فائل 

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ 2019 کے اسکواڈ میں جگہ بنانے کیلئے فہیم اشرف اور وہاب ریاض میں دوڑ جاری ہے۔

ورلڈ کپ 2019ء کی شروعات سے قبل ہی ٹیم پاکستان کے منتخب شدہ اسکواڈ میں تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے عابد علی اور فہیم اشرف کے بعد اب جنید خان کی طرف سے بے اعتباری کے بعد دوسرے کسی کھلاڑی کی شمولیت پر غور جاری ہے۔

کوچ مکی آرتھر آل راؤنڈر فہیم اشرف کو ساتھ رکھنے کی خواہش رکھتے ہیں تو دوسری جانب کپتان سرفراز احمد کا ووٹ پاکستان میں بیٹھے وہاب ریاض کے حق میں ہے جنھیں چیف سلیکٹر انضمام الحق کا ساتھ بھی حاصل ہے۔

یاد رہے 79ون ڈے میچوں میں 34.34 کی اوسط سے 102 وکٹیں حاصل کرنے والے بائیں ہاتھ کے تیز بولر کے بارے میں ورلڈ کپ اسکواڈ منتخب کرتے وقت انضمام الحق نے کہا تھا کہ وہاب کو اس لیے منتخب نہیں کیا،کیونکہ وہ ہماری منصوبہ بندی کا حصہ نہیں تھے۔

چار جون کو ایجبسٹن (برمنگھم ) میں بھارت کے خلاف وہاب ریاض آخری مرتبہ پاکستان کے لیے بین الاقوامی ون ڈے کھیلے تھے تاہم دورہ انگلینڈ میں بولرز کی ناقص کارکردگی کے بعد سابق کرکڑز کی جانب سے سلیکشن کمیٹی وہاب ریاض کو نہ منتخب کرنے پر شدید تنقید کر رہی ہے۔

دوسری طرف کوچ مکی آرتھر جنھوں نے محمد عامر کو ٹیم میں شامل کرنے کے لیے فہیم اشرف کو ڈراپ کرنے پر رضا مندی ظاہر کی تھی، اب جنید خان کو ڈراپ کیے جانے پر فہیم اشرف کو ایک اور موقع دیے جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔

البتہ 23 ون ڈے میچوں میں 37.20 کی اوسط سے 20 وکٹیں لینے والے فہیم اشرف کا کیس قدرے کمزور لگ رہا ہے جو انگلینڈ کے خلاف رواں سیریز کے دو میچوں میں 19 اوورز میں 144 رنز کے بدلے محض ایک ہی وکٹ لے سکے ہیں جب کہ آخری 9 ون ڈے میں وہ صرف 2 وکٹیں لینے کے سبب شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

مزید خبریں :