30 مئی ، 2019
فاسٹ بولر محمد عامر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری چار میچز چکن پاکس میں مبتلا ہونے کے باعث نہیں کھیل سکے تھے اور اب ان کی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں بھی شرکت مشکوک ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز آج سے انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ سے ہوگا جب کہ دوسرے میچ میں کل پاکستان اور ویسٹ انڈیز مدمقابل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں فاسٹ بولر محمد عامر کے بغیر میدان میں اترے گی۔
محمد عامر نے کوچ مکی آرتھر سے مکمل فٹ ہونے کے لیے کچھ وقت مانگا ہے تاکہ وہ آئندہ میچز میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔
ایسے میں ٹیم مینجمنٹ نے بھی محمد عامر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
تاہم کل 31 مئی کو ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں محمد عامر شامل نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ 18جون 2017 کو اوول میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف 3-16 کی پرفارمنس دکھانے کے بعد محمد عامر کا ستارہ گردش میں ہے اور اب تک وہ 15 ون ڈے میچز میں صرف پانچ وکٹ ہی لے سکے ہیں۔