دنیا
Time 03 جون ، 2019

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تین روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے

ڈونلڈ ٹرمپ کو بکنگھم پیلس میں شاہی گارڈ آف آنر دیا گیا جب کہ ملکہ الزبتھ دوم نے ملاقات بھی کی — فوٹو: بشکریہ شاہی خاندان 

لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تین روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے۔

امریکی صدر ٹرمپ خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ بکنگھم پیلس پہنچے جہاں ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم، پرنس چارلس اور ڈچز آف کارنوال نے استقبال کیا۔

صدر ٹرمپ کو بکنگھم پیلس میں گارڈ آف آنر دیا گیا، امریکی صدر کو گرین پارک اور ٹاور آف لندن پر 41 توپوں کی سلامی دی گئی۔

امریکی صدر نے ملکہ الزبتھ دوم سے ملاقات بھی کی جب کہ امریکی صدر اور ان کے اہل خانہ کو شاہی یادگاریں بھی دکھائی گئیں اور اس دوران ملکہ برطانیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ 

— فوٹو: بشکریہ شاہی خاندان 

امریکی صدر دورہ برطانیہ کے دوران اعلیٰ سطح کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آئیں گے۔

دوسری جانب ٹرمپ مخالف تنظیموں نے امریکی صدر کی آمد کے خلاف لندن کو لاک ڈاؤن کرنے کی کال دے رکھی ہے۔ 

کارنیول آف ریزسٹنس کے منتظمین کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں ٹرمپ کی نفرت انگیز سیاست کی کوئی جگہ نہیں۔

امریکی صدر کی میئر لندن پر تنقید 

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لندن میں لینڈ کرنے سے پہلے ہی میئر لندن صادق خان کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے لندن میں لینڈ کرنے سے قبل ہی اپنے ٹوئٹر بیان میں میئر لندن صادق خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مجموعی طور پر میئر لندن کی کارکردگی بہت بُری ہے۔

امریکی صدر نے میئر لندن کو ناکام، بے حس اور پتھر دل قرار دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ انہیں لندن میں ہونے والے جرائم پر توجہ دینی چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک دوسری ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ صادق خان نے انہیں نیویارک کے نااہل میئر ڈی بلاسیو کی یاد دلا دی اور ان کی کارکردگی بھی بہت مایوس کن تھی۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ برطانیہ میں تقریبات کے دوران برطانیہ کے عظیم دوست بننے کے منتظر ہیں اور اس دورے کے دوران وہ بہت پرامید ہیں۔

مزید خبریں :