06 جون ، 2019
برسٹل : سری لنکن آل راؤنڈر تھیسارا پریرا کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک خطرناک ٹیم ہے، کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ ابتدائی وکٹیں جلد حاصل کی جائیں۔
برسٹل میں جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں سری لنکن کرکٹر کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے پاکستان سے مقابلے کی بھرپور تیاری کی ہے، امید ہے کہ میچ میں اچھے نتائج دیں گے اور کچھ خاص کردکھائیں گے۔
سری لنکا کے 30 سالہ تجربہ کار کرکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم جب کلک کرجاتی ہے تو بہت مشکل پیدا کرتی ہے تاہم پی ایس ایل اور دیگر لیگز میں پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ کھیل کر ان کے بارے میں کافی اندازہ ہوگیا ہے۔
تھسارا پریرا نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کو معلوم ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستانی ٹیم شارٹ بالز پر پریشان ہوئی تھی اور پاکستان کو شارٹ بالز کرانا ان کے پلان کا حصہ ہے تاہم سری لنکا نے حریف سے نمنٹے کیلئے اور بھی پلانز تیار کئے ہیں۔ جس پر کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے عمل درآمد کیا جائے گا۔
ایک سوال پر سری لنکن آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان کے پاس ابتدائی نمبروں پر خطرناک پلیئرز ہیں اس لیے شروع میں وکٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔
سری لنکن ٹیم کے حوالے سے پریرا کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم بیٹنگ کے شعبے میں مشکلات کا شکار ہے لیکن امید ہے کہ پاکستان کیخلاف ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ 7 جون کو برسٹل میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اب تک دو میچز کھیل چکا ہے جس میں سے اسے ایک میں کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی ہے۔
سری لنکا نے بھی دو میچز کھیلے ہیں اور ایک میں کامیابی دوسرے میں ناکامی کا منہ دیکھ چکی ہے۔ ٹورنامنٹ میں پیش قدمی کیلئے دونوں ٹیموں کیلئے یہ میچ انتہائی اہم ہے۔