06 جون ، 2019
برسٹل: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں ٹیم نے مثبت کرکٹ کھیلی، مجھے کہا گیا تھا کہ رنز کی فکر نہ کریں، وکٹ لیں۔
آخری لمحات میں ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل ہونے والے وہاب ریاض نے برسٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کبھی کنارے لگ کر بھی رنز بن جاتے ہیں، یہ تو گیم کا حصہ ہے، انگلینڈ کیخلاف سب نے پلان پر ٹھیک طرح عمل درآمد کیا جس کی وجہ سے کامیابی ملی۔
لیفٹ آرم فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ وسیم اکرم اور وقار یونس نے کافی حوصلہ افزائی کی تھی، ورلڈ کپ جیتنا تو ہر کسی کا ہی خواب ہے، ابھی ٹیم میچ بائی میچ جارہی ہے، پہلے یہ نو میچز اچھے کھیلنے ہیں پھر اگلے دو میچز اچھے کھیل کر ٹائٹل جتنے کی کوشش کریں گے۔
وہاب ریاض نے کہا کہ ٹیم کو قوم کی سپورٹ اور دعاؤں کی ضرورت ہے، جب بھی گراؤنڈ میں اترتے ہیں، جیتنے کیلئے اترتے ہیں، لیکن ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2017 کے بعد دوبارہ آیا تو یوں لگ رہا تھا کہ ایک بار پھر ڈیبیو ہوگیا ہے، شروع میں بال ریورس سوئنگ نہیں ہورہا تھا۔
بھارتی فاسٹ بولر جسپریت سنگھ بھمرا کے حوالے سے وہاب ریاض نے کہا کہ اگر لوگ کہہ رہے ہیں کہ بھمرا بہترین بولر بنے گا تو وہ اس توقع کے پریشر میں بھی ہوگا۔
وہاب ریاض نے انگلینڈ کیخلاف میچ میں تین وکٹیں حاصل کی تھیں اور82 رنز بھی دیے تھے۔ وہاب کا کہنا تھا کہ انہیں یہی کہا گیا تھا کہ وکٹ لیں، رنز کی پروا ہ نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ میچ میں پاکستان کے تمام بولرز نے وکٹیں لینے کی کوشش کی جبھی کامیابی بھی حاصل ہوئی۔
وہاب کہتے ہیں کہ اس میچ میں انہوں نے خراب بولنگ نہیں کی کچھ رنز تو کنارے لگ کر بن گئے تھے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر ٹیم میں نہ ہوتے تو کیا کررہے ہوتے تو وہاب نے مسکرا کر کہا کہ ٹی وی پر بیٹھ کر میچ دیکھتا اور ٹیم کیلئے دعا کرتا۔