27 جون ، 2019
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں شکست کے بعد شائق کی جانب سے ہوٹل میں بدسلوکی کی ویڈیو دیکھ کر اہلیہ رونے لگ گئی تھی۔
سرفراز احمد نے کرکٹ شائق کی جانب سے بدسلوکی کے واقعے کے بعد اپنے پیغام میں کہا کہ میں نے اہلیہ کو سمجھایا کہ یہ تو صرف ایک ویڈیو آئی ہے ہم اس سے زیادہ سنتے ہیں، ہمت کرو یہ سب تو زندگی کا حصہ ہیں، برا کریں گے تو یہ سب سہنا پڑے گا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ بھارت سے شکست کے بعد شائقین کا جو ردعمل آیا اس سے بہت دکھ پہنچا مگر ان سب لوگوں کا شکر گزار ہوں جو اس مشکل کی گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے اور ہمیں سپورٹ کرتے رہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے فینز ہمیں بہت پسند کرتے ہیں اور انہیں کی وجہ سے ہمیں حوصلہ ملتا ہے، خاص طور پر جب ہم باہر ملکوں میں کھیلتے ہیں اور جو سپورٹ ہمیں انگلینڈ میں ملتی ہے وہ سب سے زیادہ ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے بھارت سے شکست کے بعد جو ہفتہ گزرا وہ بہت مشکل سے گزرا لیکن ٹیم نے اُس وقت سے بہت کچھ سیکھا اور پھر جو کارکردگی ہم نے جنوبی افریقا کے خلاف دکھائی اور پھر عوام نے جس طرح سپورٹ کیا وہ بہت اچھا تھا۔