کھیل
Time 01 جولائی ، 2019

انگلینڈ کے ہاتھوں شکست، بھارتی ٹیم کی ’اسپورٹس مین شپ‘ پر سوالات اٹھ گئے

اگر بھارت میزبان انگلینڈ کو شکست دے دیتا تو انگلش ٹیم کا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور ہو جاتا— فوٹو: آئی سی سی

ورلڈکپ کے 38 ویں میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کی ’اسپورٹس مین شپ‘ پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

گزشتہ روز انگلینڈ نے انتہائی اہم میچ میں بھارت کو 31 رنز سے شکست دی تھی، کھیل میں ہار جیت تو ہوتی ہے لیکن بھارتی ٹیم کا پہلے پاور پلے میں صرف 28 رنز بنانا اور پھر آخری 5 اوورز میں وکٹیں ہاتھ میں ہونے کے باوجود سست بیٹنگ نے بھارتی ٹیم کی اسپورٹس مین شپ پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

آخری 5 اوورز میں وکٹیں ہاتھ میں ہونے کے باوجود سست بیٹنگ نے بھارتی ٹیم کی اسپورٹس مین شپ پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں— فوٹو: آئی سی سی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر وقار یونس نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ اہم نہیں کہ آپ کون ہیں؟ آپ زندگی میں کیا کرتے ہیں یہ ا س بات کی وضاحت کرتا ہے کہ آپ کون ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر نے مزید لکھا کہ مجھے اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ پاکستان سیمی میں جائے گا یا نہیں مگر ایک بات کا بلکل یقین ہو گیا کہ یہ میچ کچھ چیمپئنز کی ’اسپورٹس مین شپ‘  کا امتحان تھا جس میں وہ بری طرح ناکام ہوگئے۔

اس سے قبل، سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی اور سکندر بخت نے بھی پیش گوئی کی تھی کہ بھارت پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے سے روکنے کے لیے انگلینڈ سے جان بوجھ کر میچ ہار جائے گا۔

انگلینڈ کے خلاف بھارت کو آخری 31 گیندوں پر 71 رنز درکار تھے لیکن دھونی اور کیدار جادیو کی سست بیٹنگ کی وجہ سے بھارتی ٹیم ہدف تک نہ پہنچ سکی۔

سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی اور انگلش کپتان ناصر حسین بھی کمنٹری بکس میں بیٹھے حیران تھے۔

انگلینڈ کے سابق کپتان نے ناصرحسین نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی بیٹنگ پرفارمنس نے مجھےحیران کردیا  کہ بھارتی ٹیم  نے آخری اوورز میں میچ جیتنے کی کوشش ہی نہیں کی۔

واضح رہے کہ اگر بھارت انگلینڈ کو شکست دے دیتا تو میزبان ٹیم کا سیمی فائنل میں جانے کا خواب چکنا چور ہو سکتا تھا اور پاکستان ٹیم بنگلادیش کو شکست دیکر فائنل فور میں پہنچ جاتی اور اسی وجہ سے اس میچ میں پاکستانی شائقین بھی بھارتی ٹیم کو سپورٹ کر رہے تھے۔

بھارت کی ہار نے بہت سے شائقین کرکٹ کو یہ کہنے پر مجبور کر دیا کہ بھارت جان بوجھ کے میچ ہارا ہے تاکہ پاکستان سیمی فائنل میں نہ پہنچ سکے۔

مزید خبریں :