04 جولائی ، 2019
لندن: پاکستاں کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی نے حالیہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دے دیا۔
طلعت علی کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی اتنی بری نہیں ہے جتنی قرار دی جا رہی ہے، پاکستان نے ان دو ٹیموں کو ہرایا جو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے علاوہ جنوبی افریقا کے خلاف بھی کامیابی حاصل کی جب کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ جیتتے جیتتے ہار گئے، بیٹنگ لائن اپ اچانک فلاپ ہو گئی ورنہ وہ میچ بھی جیتا جا سکتا تھا۔
قومی ٹیم کے منیجر نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کا فوکس صرف کھیل پر ہے، یہ بار یا کلب جانے والے کھلاڑی نہیں ہیں، رات 3 بجے شیشہ پینے کے لیے جانے والی خبریں اچانک اڑا دی گئیں حالانکہ اس میں کوئی حقیقت نہیں تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ریسٹورنٹ 12 بجے بند ہو جاتا ہے، تین بجے وہاں جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا جب کہ کھلاڑی گئے بھی میچ سے دو روز قبل تھے۔
ان کا کہنا ہے پاکستان میں بیٹھے لوگ ٹیم پر تنقید کر رہے ہیں، انہیں یہاں کے حالات کا علم ہی نہیں ہے اور نہ صورت حال کا پتہ ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو سارا دن ہوٹل میں بند بھی نہیں رکھا جا سکتا، ان کے ساتھ ڈسپلن کا کوئی ایشو نہیں، ہمارا اس وقت سارا فوکس بنگلا دیش کے خلاف میچ پر ہے جس میں لازمی کامیابی حاصل کرنا ہے، سب دیکھیں گے کہ ٹیم زبردست پرفارم کرے گی۔
طلعت علی نے کہا کہ یہ چیز میرے ذہن میں نہیں ہے کہ سیمی فائنل تک پہنچنا کتنا مشکل ہے، صرف اتنا جانتے ہیں کہ پاکستان ٹیم نے میچ جیتنا ہے جس کے لیے تمام کھلاڑی متحرک ہیں۔