16 جولائی ، 2019
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے ایک ہفتے بعد نئے ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ، بولنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، فزیو تھراپسٹ، اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ اور انتظامی منیجر کے عہدوں کیلئے دلچسپی رکھنے والوں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
اس وقت بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری، بھارت ارون بولنگ کوچ، سنجے بانگر بیٹنگ کوچ اور روی سری دھر فیلڈنگ کوچ ہیں۔
موجودہ کوچنگ اسٹاف کے معاہدے میں45 دن کی توسیع کی گئی ہے تاکہ وہ اگست، ستمبر میں بھارتی ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کا دورہ کرسکیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے روی شاستری کو منیجر اور کوچ کے عہدے سے ہٹانے کا اشارہ دیتے ہوئے نئے کوچنگ اسٹاف کیلئے درخواستیں طلب کرلی ہیں جبکہ (بی سی سی آئی) کی ایڈوائزری کمیٹی نئے کوچز کا تقرر کرے گی۔
ویرات کوہلی کے قریب تصور کئے جانے والے روی شاستری کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ دنیا کے واحد ہیڈ کوچ ہیں جن کا عہدہ رسمی ہے۔
انیل کمبلے کو ہٹا کر کوہلی کی خواہش پر روی شاستری کو لایا گیا تھا جو زیادہ تر وقت دور کھڑے ہو کر ٹیم کے معاملات دیکھتے تھے، بھارتی کرکٹ حلقوں میں مشہور ہے کہ روی شاستری، ویرات کوہلی کے کام میں مداخلت نہیں کرتے اور انہیں سالانہ کڑوروں روپے ملتے ہیں۔
2017 میں جب روی شاستری کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا اس وقت تقرری کیلئے 9 شرائط رکھی گئی تھیں اس بار3 نکاتی شرائط کو ہیڈ کوچ، بیٹنگ اور بولنگ کوچ کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے۔
جن شرائط کو لازمی قرار دیا گیا ہے اس کے مطابق کوچز نےکم ازکم 10ٹیسٹ، 25 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہوں اور اس کی عمر60 سال سے کم ہو۔ درخواستیں دینے کی آخری تاریخ 30جولائی ہے۔
موجودہ کوچز بھی عہدے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں تاکہ انہیں بھی زیر غور لایا جاسکے۔
3 ستمبر کو ویسٹ انڈیز کی سیریز ختم ہوگی۔ 15ستمبر سے بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں حصہ لینا ہے۔