پاکستان
Time 21 جولائی ، 2019

’قبائلی اضلاع میں الیکشن پاکستان اور ریاستی بیانیے کی فتح ہے‘

پرامن الیکشن سے خوف کی فضا پیدا کرنےوالوں کا بیانیہ دم توڑ گیا ہے: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات  — فوٹو: پی آئی ڈی 

سیالکوٹ: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں الیکشن پاکستان اور ریاستی بیانیے کی فتح ہے۔ 

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں پرامن الیکشن سے امن کی جیت ہوئی اور جمہوری عمل مکمل ہونے سے تعمیر پاکستان کے سفر کا آغاز ہوا۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں الیکشن پاکستان اور ریاستی بیانیے کی فتح ہے اور پرامن الیکشن سے خوف کی فضا پیدا کرنے والوں کا بیانیہ دم توڑ گیا ہے، پرامن انتخابات جمہوریت پر عوام کے اطمینان کا اظہار ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کےکمرشل ائیرلائن سے سفر سے عوامی رابطےکو فروغ ملا، ماضی میں شخصیت کی نمود ہوتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا ٹیکس دہندگان کا پیسہ سفر پر خرچ نہیں کرنا اور امریکا کے سفر میں کفایت شعاری کا مظاہرہ کیا، انہوں نے پاکستان ہاؤس میں قیام کیا اور سادگی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

معاون خصوصی کے مطابق وزیراعظم پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، وزیراعظم کی شہرت اور ساکھ پاکستانی ہیرو کے طور پر دنیا میں مانی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں ضم شدہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات ہوئے۔

اب تک کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق 14 حلقوں میں سے پاکستان تحریک انصاف اور آزاد امیدوارں نے 5، 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

مزید خبریں :