کرکٹ سری لنکا کے 4 رکنی وفد کا نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ، سیکیورٹی کا جائزہ لیا


سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورہ پاکستان کے انتظامات کا جائزہ لینے والے کرکٹ سری لنکا کے 4 رکنی وفد نے کراچی میں اعلیٰ سیکیورٹی حکام سے ملاقات کی اور نیشنل اسٹیڈیم کا بھی دورہ کیا۔

وفد کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ بورڈ کو بھیجیں گے۔

کرکٹ سری لنکا کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا کی سربراہی میں چار رکنی وفد نے پہلے کراچی میں سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور اعلیٰ سیکیورٹی حکام سے ملاقات کی۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ سید کلیم امام ،صوبائی ہوم سیکریٹری اور رینجرز کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر شفیق سمیت دیگر سیکیورٹی حکام نے سری لنکن وفد کو سیکیورٹی پلان پر بریفنگ دی اور سیریز کے دوران فول پروف انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔

شام کو سری لنکن وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان اور ڈائریکٹر سیکیورٹیز کرنل آصف محمود نے وفد کو اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔

میڈیا سے گفتگو میں موہن ڈی سلوا نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرنہ تعلقات ہیں۔ 2009 کے واقعے کے بعد تحفظات فطری ہیں، سری لنکن کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ وہ پی سی بی کے ساتھ کمٹمنٹ پوری کرے لیکن اس سے قبل تمام سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

مجوزہ پروگرام کے مطابق سری لنکن ٹیم اکتوبر میں کراچی اور لاہور میں میچز کھیلے گی۔ سری لنکن وفد اب لاہور میں ہے جہاں وہ پنجاب کے سیکیورٹی حکام سے ملاقات اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا۔

مزید خبریں :