26 اگست ، 2019
سابق کپتان مصباح الحق پی سی بی کرکٹ کمیٹی سے مستعفی ہو گئے اور انہوں نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے باضابطہ طور پر درخواست جمع کرا دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ مصباح الحق نے کرکٹ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا ہے، مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست جمع کروانے کے لیے کرکٹ کمیٹی سے مستعفی ہوئے ہیں۔
مصباح الحق نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان سے پیر کے روز ملاقات کے دوران کرکٹ کمیٹی سے استعفیٰ پیش کیا۔
مصباح الحق ہیڈ کوچ کے لیے مضبوط ترین امیدوار سمجھے جا رہے ہیں، انہیں چیف سلیکٹر کی ذمہ داری بھی سونپی جا سکتی ہے۔
مصباح الحق کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میں نے آج باضابطہ طور پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے درخواست جمع کروائی ہے تاہم درخواست جمع کروانے سے قبل ہی عہدے کے لیے اپنا نام گردشمیں دیکھنا ایک دلچسپ امر رہا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مختلف اسائنمنٹس پر کام کر رہا ہوں، کمیٹی کی درخواست پر میں نے قومی کرکٹ ٹیم کی تیاریوں کے لیے پری سیزن کیمپ میں ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں۔
مصباح الحق نے مزید کہا کہ میں آج پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے باضابطہ طور پر درخواست دے رہا ہوں۔
انہوں نے کہا مجھے اس بات کا ادراک ہے کہ ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے کئی نامور افراد نے درخواست جمع کروائی ہو گی جس کے باعث سخت مقابلے کی توقع ہے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنا کسی شخص کے لیے بھی ایک خواب ہوتا ہے اور قومی کرکٹ ٹیم کھیل کے تینوں فارمیٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی خالی آسامی کے لیے 9 اگست کو اشتہار جاری کیا تھا۔ درخواست جمع کرانے کے لیے آخری تاریخ 26 اگست مقرر ہے۔
پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تعیناتی کا عمل ستمبر کے آغاز میں مکمل کر لے گا تاکہ نئی تعیناتی 27 ستمبر سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرلے۔