مصباح الحق کو ’چیف سلیکٹر‘ بنانے کی تجویز رد

اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بیک وقت انہیں کوچ اور چیف سلیکٹر بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا “پری سیزن “ کیمپ ان دنوں لاہور میں شروع ہو چکا ہے جس کے لیے بورڈ نے 45 سال کے مصباح الحق کو کیمپ کمانڈنٹ مقرر کیا ہے۔

سابق ٹیسٹ کپتان مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی سربراہی میں کام کرنے والی ’کرکٹ کمیٹی‘ کے بھی رکن ہیں۔

پاکستان کے لیے 2001 سے2017 تک 75 ٹیسٹ، 162 ون ڈے اور 39 بین الاقوامی ٹی 20کھیلنے والے مصباح الحق کے حوالے سے اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ بورڈ بیک وقت انہیں کوچ اور چیف سلیکٹر بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔

اس بات کو اس وقت مزید تقویت ملی جب بورڈ نے کسی بڑے فیصلے سے قبل مصباح الحق کو کیمپ کے لئے کمانڈنٹ مقرر کیا۔

تاہم اب اطلاعات ہیں کہ 56 ٹیسٹ میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے مصباح الحق ہیڈ کوچ بننے کے مضبوط امیدوار ہیں اور ساتھ ہی انہیں مینٹور بھی بنایا جا رہا ہے لیکن مصباح الحق کو چیف سلیکٹر بنانے کی تجویز رد کر دی گئی ہے۔

البتہ پی سی بی نے آئندہ ڈومیسٹک سیزن کے لیے 6 صوبائی ٹیموں کے انتخاب کے لیے جس تین رکنی پینل کو تشکیل دیا ہے، اس میں مصباح الحق کو سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف اور سابق ٹیسٹ اسپنر ندیم خان کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔


مزید خبریں :