Time 14 ستمبر ، 2019
کھیل

پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن میں پہلی بار 'نوٹاس' قانون پر عمل درآمد

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی پر نئی تاریخ رقم ہوئی جہاں مہمان بلوچستان نے نو ٹاس کے قانون پر عمل کرتے ہوئے پہلے سندھ کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی— فوٹو: پی سی بی

قائد اعظم ٹرافی میں 'نو ٹاس' کے نئے تجرباتی قانون پرعمل درآمد پہلے دن دیکھنے میں آگیا۔ یو بی ایل کمپلکس میں مہمان بلوچستان کرکٹ ٹیم نے ہفتے کو نو ٹاس کے قانون پر عمل درآمد شروع کیا جس کے بعد سندھ نے پہلے بیٹنگ کی۔

پاکستان کی فرسٹ کلاس تاریخ میں پہلی بار نوٹاس قانون متعارف کرایا گیا ہے۔ سسٹم بدل گیا لیکن پاکستان کا فرسٹ کلاس میچ دیکھنے سے لگتا ہے کہ کچھ نہیں بدلا، پرانی کہانی نئے اسکرپٹ کے ساتھ دہرائی جارہی ہے۔

قذافی اسٹیدیم لاہور میں سدرن پنجاب نے سینٹرل پنجاب کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی پر نئی تاریخ رقم ہوئی جہاں مہمان بلوچستان نے نو ٹاس کے قانون پر عمل کرتے ہوئے پہلے سندھ کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ایبٹ آباد میں بھی کے پی کے اور ناردرن کے درمیان میچ جاری ہے ۔

کوکا بورا گیند سے کھیلنے والے بولرز کے پسینے چھوٹ گئے، یو بی ایل کمپلکس کی سلو پچ پر بیٹسمین چھائے رہے۔

کھلاڑیوں کی سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں شرکت

وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت قائد اعظم ٹرافی کا آغاز ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں کے بغیر نئے فارمیٹ کے تحت ہوگیا۔

کھلاڑیوں نے ملک کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں شرکت کی۔ میچ سے پہلے لیگ اسپنر عبدالقادر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کھلاڑیوں نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور فاتحہ خوانی کی۔

کراچی کے یوبی ایل کمپلکس میں ویک اینڈ کے باوجود بمشکل ایک سو سے کم تماشائی میچ دیکھنے آئے۔ گراؤنڈ میں کھلاڑیوں آفیشلز کے علاوہ چند صحافی موجود تھے حالانکہ میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ،اسد شفیق ،عابد علی، امام الحق، فواد عالم اور حارث سہیل جیسے کھلاڑی ایکشن میں تھے۔

فرسٹ کلاس کرکٹ بورنگ دکھائی دے رہی تھی۔ پی سی بی نے ٹورنامنٹ کو مقبول بنانے کیلئے طویل مہم چلائی، ٹیسٹ کرکٹرز کی شرکت کو ممکن بنایا لیکن کھلاڑیوں کی کشش شائقین کو گراؤنڈ میں لانے کا سبب نہ بن سکی۔

کراچی میں کرکٹر انورعلی تماشائیوں میں گئے جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں فاسٹ بولر محمد عباس نے تماشائیوں میں جاکر سیلفیاں بنائیں اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ گراؤنڈ آکر فرسٹ کلاس میچ کی حوصلہ افزائی کریں۔

پی سی بی نے ایک ارب روپے کی لاگت سے ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ پر کشش بنایا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے اسٹرکچر میں ڈپارٹمنٹس اور ریجنز کو ختم کرتے ہوئے 6 صوبائی ٹیمیں متعارف کرا دی گئی ہیں۔

پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ اب مقدار کم اور معیار زیادہ ہوگا۔ سندھ کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ملک بھر سے بہترین کرکٹرز کی ایونٹ میں شرکت سے مقابلے کی فضا بڑھے گی، کوکا بورا گیند کے استعمال سے بولرز کو فائدہ ہوگا۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال فرسٹ کلاس سیزن میں انگلش کمپنی کی گیند استعمال ہوئی تھی۔

مزید خبریں :