Time 03 اکتوبر ، 2019
کھیل

ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں

 ون ڈے سیریز 0-2 سے اپنے نام کرنے کے بعد کھلاڑی تازہ دم اور خوشگوار موڈ میں نظر آ ئے ،فوٹو: پی سی بی

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے لاہور میں ڈیرے جما لیے، 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہفتے کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

‏ون ڈے سیریز کا اختتام ہوا پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت کے ساتھ اب ہوگی ٹی ٹوئنٹی سیریز جس کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے لاہور میں ڈیرے ڈال دیے ہیں۔

 دونوں ٹیمیں کراچی سے الگ الگ فلائٹس کے ذریعے لاہور پہنچیں، پاکستان کرکٹ ٹیم صبح کراچی سے لاہور پہنچی تھی۔

قومی ٹیم کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے سخت سیکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔

ٹی 20 اسکواڈ میں جگہ بنانے والے بلے باز احمد شہزاد نے بھی ٹیم کو ہوٹل میں ہی جوائن کر لیا ہے۔

ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے کے بعد کھلاڑی تازہ دم اور خوشگوار موڈ میں نظر آ رہے تھے جبکہ ہوٹل پہنچنے پر قومی کرکٹرز کو گلدستے پیش کیے گئے اور پھول کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

بعد ازاں سری لنکا کی ٹیم سہہ پہر میں کراچی سے لاہور پہنچی، مہمان ٹیم کا بھی نجی ہوٹل پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

دونوں ٹیمیں جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کی رونمائی بھی ہو گی اور  دونوں ٹیموں کے کپتان پری سیریز پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کے میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں :