10 اکتوبر ، 2019
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہے، ایسا ہوگیا تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ، بیمار صنعتوں کی بحالی اور تعمیرات کے شعبے کو مراعات دینے پر غور کیا گیا ۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کہا ہماری اولین ترجیح معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہے جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہو ں گے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کل 687 بیمار صنعتی یونٹس ایسے ہیں جنہیں فوری بحال کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ 60 دن کے اندر ان یونٹس کی بحالی کیلئے مطلوبہ قوانین اور انتظامی اصلاحات کو مکمل کیا جائے، نجی شعبے کو بھی اسمال اینڈ میڈیم سائزڈ انٹرپرائزز( ایس ایم ایز )کے فروغ میں شامل کیا جائے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ سرمایہ کار کسی دقت یا ہچکچاہٹ کے بغیر سرمایہ کاری کر سکیں۔
وزیراعظم اعظم نے ہدایت کی کہ مقامی سطح پر چھوٹے صنعتی یونٹس کو ترجیح دی جائے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ایک ہفتے میں ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے جامع ایکشن پلان پیش کیا جائے جس میں مختلف ٹارگٹ مکمل کرنے کے اہداف اور مدت کا تعین بھی ہو ۔
وزیر اعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور صوبائی حکومتوں سے مل کر لائحہ عمل ترتیب دیں اور اگلے ہفتے تک رپورٹ پیش کریں۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کے معاشی ٹیم کے ساتھ تواتر کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں گے جس کا سب سے اہم مقصد بین الاوزارتی ہم آہنگی بڑھانا ہے۔