پاکستان

پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا


 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو حراست میں لے لیا گیا۔

ن لیگ کے رہنما عطاء تارڑ نے محمد صفدر کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پولیس نے راوی ٹول پلازا سے گرفتار کیا گیا، وہ  بھیرہ سے لاہور آ رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کےخلاف اشتعال انگیزباتیں کرنے پر کیپٹن (ر) صفدرکیخلاف مقدمہ درج کیاگیا تھا اور یہ مقدمہ 11 اکتوبر کے بعددرج کیا گیا۔

البتہ نمائندہ جیو کے مطابق محمد صفدر کے خلاف اسلام آباد پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا، نیب کورٹ سے مریم نواز پیشی کے بعد واپس جارہی تھیں تو اس وقت ن لیگ کے کارکنوں کی پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی ہوئی تھی جس پر  محمد صفدر نے چھڑانے کی کوشش کی تھی۔

اس معاملے پر پولیس نے تھانہ اسلام پورہ میں کارِ سرکار میں مداخلت پر کیپٹن  (ر) صفدر اور دیگر ن لیگی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا اور آج اسی مقدمے میں انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ محمد صفدر کی گرفتاری کی خبر سابق وزیراعظم نواز شریف کو قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے دفتر سے سروسز اسپتال منتقلی کے کچھ دیر بعد سامنے آئی۔

گرفتاری سے قبل محمد صفدر نے اپنے بیان میں نواز شریف کو زہر دیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا تھا جبکہ نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے بھی ایسے ہی خدشات ظاہر کیے ہیں۔

نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے دفتر میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد بتایا کہ نواز شریف کے پلیٹیلیٹس کی تعداد صرف 12 ہزار رہ گئی ہے جس کے بعد نیب نے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

مزید خبریں :