پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2019

وزیراعظم کی مریم کو نواز شریف کے ساتھ اسپتال میں رکھنے کی ہدایت

 وزیراعظم نے مریم نواز کو سروسز اسپتال لاہور منتقل کرنے کیلئے قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی ہے ،گورنر پنجاب— فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ سے رابطہ کرکے انہیں مریم نواز کو سروسز اسپتال لاہور میں میاں نوازشریف کے ساتھ رہنے کا انتظام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گورنرپنجاب چوہدری سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے رابطہ کرکے مریم نواز کو ان کے والد کے ساتھ اسپتال میں رکھنے کا انتظام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور کے مطابق وزیراعظم نے نواز شریف اوران کی صاحبزادی مریم نواز کی صحت کے بارے میں بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ مریم نواز کو  بھی خراب طبیعت پر ان کے والد نواز شریف کے ساتھ اسپتال میں رکھا جائے۔

گورنر پنجاب کے مطابق وزیراعظم نے مریم نواز کو سروسز اسپتال لاہور منتقل کرنے کیلئے قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل سے والد سے ملاقات کیلئے سروسز اسپتال لایا گیا تھا تاہم والد سے ملاقات کے دوران مریم نواز کی طبیعت بھی ناساز ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں سروسز اسپتال میں ہی داخل کرلیا گیا تھا۔

اس دوران مریم نواز کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے اور اُن کی الیکٹرو کارڈیو گرافی (ای سی جی) کی گئی جو کہ نارمل آئی، اس دوران ان کا بلڈ پریشر بھی نارمل تھا تاہم انہیں ٹھنڈے پسینے آرہے تھے، ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا جس پر انہیں رات اسپتال میں ہی رکھا گیا۔

صبح مریم نواز کو سروسز اسپتال سے واپس کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران مریم نواز نے والد سے ملاقات کی درخواست کی تھی اور اس دوران وہ آبدیدہ بھی ہوگئی تھیں۔

عدالت نے ان کی درخواست کو دائرہ اختیار میں نہ ہونے کے باعث رد کردیا تھا،جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال لایا گیا جہاں انہوں نے والد نواز شریف سے ملاقات کی۔

یاد رہے کہ نواز شریف ان دنوں سروسز اسپتال میں زیرعلاج ہیں جہاں انہیں دور روز قبل پلیٹیلیٹس میں تشویشناک حد تک کمی کے باعث داخل کیا گیا تھا۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ مسئلہ پلیٹیلیٹس کے ٹوٹنے کا ہورہا ہے ، نواز شریف کو قوت مدافعت کو متاثر کرنے والی بیماری ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف چوہدری شوگر مل کیس میں نیب کی حراست میں ہیں اور احتساب عدالت کی جانب سے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ اُن کی صاحبزادی مریم نواز چوہدری مل کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔

مزید خبریں :