26 اکتوبر ، 2019
پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں آسٹریلیا روانہ ہوگئی۔
قومی ٹیم علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور سے براستہ دبئی سڈنی کیلئے روانہ ہوئی۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دنیا کی نمبر ایک ٹیم ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ایک بلے باز بابر اعظم کی قیادت میں آسٹریلیا سے 3 میچز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے دوران 5،3 اور 8 نومبر کو میچز کھیلے جائیں گے جب کہ پاکستان ٹیم 3 نومبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل 31 اکتوبر جمعرات کو آسٹریلیا الیون سے پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔
آسٹریلیا سے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے بعد قومی ٹیم کینگروز سے اظہر علی کی قیادت میں 2 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی، ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کا 5 واں راؤنڈ کھیلنے کے بعد آسٹریلیا روانہ ہوجائیں گے۔
آسٹریلیا روانگی سے قبل گذشتہ روزکپتان بابر اعظم نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ کوشش ہو گی کہ اپنی پرفارمنس کے ساتھ ٹیم کی بھی پرفارمنس بھی اچھی ہو ، آسٹریلیا میں سیریز ہمیشہ چیلنجنگ ہوتی ہے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اچھا کھیلنے اور جیت کا جذبہ لے کر آسٹریلیا جا رہے ہیں۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے ، سینیئر کے ساتھ جونیئر کھلاڑی بھی شامل ہیں ، محمد عامر کےساتھ اب محمد عرفان بھی ٹیم میں ہیں لہٰذا بولنگ کا کمبی نیشن اچھا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کی کمی محسوس ہوگی ، ان کی بڑی خدمات ہیں ، ان کے دور میں ٹیم نمبر ون بنی لیکن محمد رضوان اچھا کھیلتے ہوئے ٹیم میں آئے ہیں ان کی موجودگی سے بھی فائدہ ہو گا۔