27 اکتوبر ، 2019
پاکستان اور بنگلادیش کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے انتظامات اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
پاکستان اور بنگلا دیش کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سیریز کا آغاز ہو چکا ہے۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان پاکستان ویمن ٹیم نے بنگلا دیش ویمن کرکٹ ٹیم کو شکست دیکر0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان ویمن کرکٹ میں بھی گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور وہ میچ کے دوران انتظامات اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیتے رہے۔
چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کیلئے جس طرح مینز کرکٹ اہمیت کی حامل ہے، اسی طرح انٹرنیشنل ویمن کرکٹ کا ہونا بھی بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مینز کرکٹ تو پاکستان میں ہو رہی ہے، پہلے سری لنکا کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور اب اس نے دوبارہ ٹیسٹ کیلئے بھی دورہ کرنا ہے، بنگلا دیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم راولپنڈی میں موجود ہے لیکن اس کےساتھ ساتھ ویمن کرکٹ کا ہونا بھی بہت ضروری ہے۔
وسیم خان کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش ویمن ٹیم یہاں میچز کھیل رہی ہے، ویمن ٹیم سیریز کے دوران ون ڈے میچز بھی کھیلے گی، اگلے برس ورلڈ کپ بھی آرہا ہے تو اس سے ویمن ٹیم کو فائدہ ہوگا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے شائقین کرکٹ سے درخواست کی کہ وہ ویمن کرکٹ کو بھی سپورٹ کریں جس سے خواتین کرکٹرز کا حوصلہ بڑھے گا۔