31 اکتوبر ، 2019
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے آزادی مارچ کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی کے تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والا جے یو آئی ف کا آزادی مارچ گزشتہ روز لاہور پہنچا جہاں شرکاء نے رات مینار پاکستان کے سبزہ زار میں گزاری جب کہ مولانا فضل الرحمان نے وحدت روڈ پر قیام کیا۔
آزادی مارچ کے شرکاء نے مینار پاکستان کے سبزہ زار میں بریانی، نان چنے اور چائے سے ناشتہ کیا جس کے بعد قافلہ براستہ گجرانوالہ وفاقی دارالحکومت کے لیے روانہ ہوا۔
آزادی مارچ کے شرکاء آج اسلام آباد پہنچیں گے جس کے باعث وفاقی دارالحکومت کے نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سیکریٹری پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن عبدالوحید کا کہنا ہے کہ دھرنے کے پیش نظر اسلام آباد کے تمام پرائیویٹ اسکول بند رہیں گے۔
عبدالوحید خان نے کہا کہ دھرنے کے باعث بچوں کی حفاظت کے لیے اسکولوں میں چھٹی کا فیصلہ کیا گیا۔
صدر پرائیویٹ اسکولز زعفران الہی نے کہا کہ اسلام آباد میں 31 اکتوبر کے بعد اسکول کھولنے کا فیصلہ حالات دیکھ کر کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں جمعرات کو ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کیے گئے ہیں۔
نمل انتظامیہ کے مطابق نمل یونیورسٹی میں مڈٹرم امتحانات اب 8 سے 15 نومبر کے درمیان ہوں گے۔
وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے جمعرات کو بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ معاہدے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) ایچ 9 کے اتوار بازار کے قریب گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی اور حکومت کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی۔