Time 31 اکتوبر ، 2019
کھیل

دورہ آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی پہلی کامیابی


پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم نے پریکٹس میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔

دورہ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم کو پہلی کامیابی حاصل ہوگئی ہے تاہم یہ فتح پریکٹس میچ کے دوران کرکٹ آسٹریلیاالیون کے خلاف تھی۔

سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا الیون کے کپتان کرس لین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

تجربہ کار پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنے آسٹریلیا الیون کھل کر کھیلنے میں ناکام نظر آئی اور 20 اورز میں 6 وکٹ پر 134 رنز بناسکی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے نیتھن مک نے 30 اور کرس لین 24 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ کرس گرین 16 اور سدرلینڈ 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے 4 اوورز میں 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ محمد عرفان، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز بابر اعظم اور فخر زمان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز بنائے ۔

فخر زمان 43 اور کپتان بابراعظم 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ان کے بعد حارث سہیل نے 32 رنز بنا کر جیت کی راہ ہموار کردی۔

پاکستان نے ہدف 18 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا،عمدہ بولنگ پر شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں 3 میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے اور دنوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ ، 3 نومبر کو کھیلا جائے گا ، جب کہ دوسرا اور آخری میچ 5 اور 8 نومبر کو ہوگا۔

آسٹریلیا سے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے بعد قومی ٹیم کینگروز سے اظہر علی کی قیادت میں 2 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی۔

مزید خبریں :