04 نومبر ، 2019
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ آئرلینڈ کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دے دی۔
دونوں کرکٹ بورڈز کے حکام سیریز کیلئے وقت نکالنے پر بات چیت کریں گے، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول 15 جنوری سے 5 فروری کے درمیان طے کیا جا رہا ہے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق کرکٹ آئرلینڈ کو دورے کیلئے خط لکھ دیا ہے، دونوں کرکٹ بورڈز کے حکام سیریز کیلئے ونڈو پر جلد بات چیت شروع کریں گے،آئندہ برس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد سیریز کیلئے ونڈو نکالی جا سکتی ہے اور امکان یہی ہے کہ سیریز میں ٹی ٹوئنٹی میچز ہی شامل ہوں گے۔
کرکٹ آئرلینڈ کے حکام نے گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کیا تھا اور دورے کے دوران آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے ٹور کے حوالے سے بات ہوئی تھی۔ کرکٹ آئر لینڈ نے ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے رضا مندی ظاہر کی ہوئی ہے۔ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل آئرلینڈ بھی جانا ہے۔
دوسری جانب ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگلے برس ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم کے بھی پاکستان آمد کے امکانات ہیں۔ دورے کے حوالے سے ایم سی سی کے صدر کمار سنگار کارا سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سری لنکا کرکٹ نے دورے کی زبانی تصدیق کر دی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچز 11 اور 19 دسمبر کو راولپنڈی اور کراچی میں شروع ہوں گے۔
سری لنکا کرکٹ نے تحریری طور پر شیڈول کی منظوری دینی ہے۔ جنوری فروری میں پاکستان نے بنگلہ دیش کی میزبانی کرنی ہے۔
دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا شیڈول 15 جنوری سے 5 فروری کے درمیان طے کیا جائے گا۔