18 نومبر ، 2019
پاکستان کے ٹاپ ٹینس کھلاڑی اعصام الحق نے بھارت کےخلاف نیوٹرل وینیو پر ہونیوالی ٹائی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا ۔
اعصام نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سربراہ سلیم سیف اللہ کو خط لکھ کر آگاہ کردیا ہے کہ وہ آئی ٹی ایف کے فیصلے کے خلاف بطور احتجاج اس ماہ ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت نہیں کریں گے۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف ) نے نومبر کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی پاک - بھارت ایشین اوشینا گروپ کی ڈیوس کپ ٹائی اب پاکستان کی بجائے نیوٹرل وینیو پر ہوگی۔
آئی ٹی ایف نے بھارتی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے سے انکار اور سیکیورٹی ریویو کے بعد یہ فیصلہ کیا جسے اعصام الحق نے جانبدار اور غیرمنصفانہ قرار دیا۔
پی ٹی ایف کے سربراہ سلیم سیف اللہ کے نام خط میں اعصام لکھتے ہیں کہ انہیں آئی ٹی ایف کے فیصلے پر افسوس ہے کیوں کہ بھارت میں پاکستان کے نہ کھیلنے کا کوئی جواز نہیں تھا، آئی ٹی ایف نے بھارتی اثررسوخ میں ٹائی پاکستان سے نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر دیا۔
اعصام الحق نے اپنے خط میں بھارتی ٹینس حکام کو بھی آڑے ہاتھ لیا اور کہا کہ ان کے پاکستان نہ آنے کے لیے بہانے قابل قبول نہیں اور یہ کہنا کہ یہاں ان کو مناسب سیکیورٹی نہیں مل سکتی ، توہین آمیز ہے۔
اعصام الحق نے پی ٹی ایف کو آگاہ کیا کہ اگرآئی ٹی ایف پاکستام کےخلاف جانبدارانہ، غیر منصفانہ اور تعصبانہ فیصلے کو تبدیل نہیں کرے گا تو وہ بطور احتجاج اس ٹائی میں شرکت نہیں کریں گے ۔
اعصام الحق نے واضح کیا کہ ان کی ترجیح ہمیشہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہے لیکن یہ معاملہ ملک کے وقار کا ہے ،ٹائی کھیلنے کا مطلب ہوگا کہ آپ اس جانبدارنہ فیصلے کو قبول کرتے ہیں اور وہ اس فیصلے کو قبول نہیں کرتے۔