انگلینڈ کیخلاف سیریز: خواتین کرکٹرز کا تربیتی کیمپ جمعرات سے شروع ہوگا

پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین ٹیمیں آئندہ ماہ ملائیشیا میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گی— فوٹو: فائل

انگلینڈ کیخلاف سیریز کی تیاریوں کیلئے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ جمعرات سے کراچی میں شروع ہوگا۔

پلیئرز دو سیشن میں پریکٹس کریں گی، ثناء میر کے متبادل کے طور پر فی الحال کسی پلیئر کو کیمپ میں نہیں بلایا گیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین ٹیمیں آئندہ ماہ ملائیشیا میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گی۔

کیمپ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلے 21 پلیئرز کا اعلان کیا تھا لیکن ثناء میر کرکٹ سے بریک لینے کیلئے سیریز سے دستبردار ہوگئیں۔

ان کے متبادل کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، اگر ضرورت ہوئی تو کوچ اقبال امام اور چیف سلیکٹر عروج ممتاز کی مشاورت سے انڈر 18 ٹورنامنٹ سے کسی پلیئر کو کیمپ میں بلایا جاسکتا ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ ارم جاوید اور سدرا نواز ایک روز تاخیر سے کیمپ میں رپورٹ کریں گی، دونوں پلیئرز نے فیملی مصروفیات کی وجہ سے ایک دن کا استثنیٰ حاصل کیا ہے۔

ندا ڈار بھی کیمپ میں شرکت نہیں کریں گی تاہم سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گی۔

جمعرات کو کیمپ کے پہلے روز خواتین کرکٹرز کوچ اقبال امام کی نگرانی میں دو سیشنز میں پریکٹس کریں گی، پہلے صبح ساڑھے نو بجے سے گیارہ بجے کے درمیان فیلڈنگ سیشن ہوگا جبکہ شام تین سے پانچ بجے کے درمیان نیٹ سیشن منعقد ہوگا۔

جمعہ کو ویمن ٹیم پریکٹس ون ڈے میچ کھیلیں گی جبکہ ہفتے کو دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان کی حتمی ٹیم کا اعلان 27 نومبر کو ہوگا۔

مزید خبریں :