22 نومبر ، 2019
پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کا کیمپ تو شروع نہ ہوسکا البتہ ریسلر انعام بٹ نے گوجرانوالہ ہی میں ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریاں شروع کردیں۔
انعام بٹ کا کہنا ہے کہ وہ اس ایونٹ میں پاکستان کیلئے ایک اور گولڈ میڈل اپنے نام کریں گے۔
ساؤتھ ایشین گیمز یکم دسمبر سے نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں ہوں گے، ایونٹ میں پاکستان کو مختلف کھیلوں میں شرکت کرنا ہے لیکن پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے باضابطہ کیمپس اب تک شروع نہ ہوسکے۔
اس کے باوجود ریسلر انعام بٹ اپنا وقت ضائع نہیں کررہے اور گوجرانوالہ میں ہی ٹریننگ شروع کردی ہے۔
انعام بٹ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس وقت کم ہے اور گیمز میں مقابلہ سخت اس لیے وہ جس قدر ہوسکے تیاریاں کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ساؤتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انعام بٹ نے 2016 میں انڈیا کے شہر گوہاٹی میں ہونے والے ایونٹ میں میزبان ملک کے گوپال یادو کو ہراکر گولڈ میڈل جیتا تھا۔
انعام بٹ کا کہنا ہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں بھارت اور افغانستان کے ریسلرز سے سخت مقابلے کی توقع ہے۔
قومی ریسلر نے بتایا کہ ساؤتھ ایشین گیمز کیلئے باضابطہ کیمپ کا کچھ نہیں معلوم اس لیے گوجرانوالہ میں ہی تیاریاں شروع کردیں ہیں، صبح اکھاڑے اور شام میں جم میں ٹریننگ کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ انعام بٹ نے حال ہی میں ورلڈ بیچ گیمز میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔
اس سے قبل وہ دو مرتبہ کامن ویلتھ گیمز، دو مرتبہ ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ اور ایک مرتبہ ایشین بیچ گیمز میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔