24 نومبر ، 2019
سرگودھا میں شادی سے ایک روز قبل لڑکی کو قتل کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
گذشتہ روز سرگودھا کے علاقے منگوال کی رہائشی 18 سالہ سحرش اہل خانہ کے ساتھ شادی کی تیاریوں کے سلسلے میں بیوٹی پارلر جارہی تھی کہ راستے میں ملزم شیر محمد نے اپنے دیگر 2 ساتھیوں کے ہمراہ ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 18 سالہ سحرش جاں بحق ہوگئی۔
مقامی پولیس افسر افضال احمد کوثر کے مطابق 18 سالہ مقتولہ کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم شیر محمد لڑکی سے شادی کا خواہش مند تھا اور ملزم نے لڑکی کے والدین کے انکار پر شادی سے ایک روز قبل دوستوں کے ہمراہ لڑکی کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔
مقامی تھانے میں لڑکی کے والد کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہے۔