24 نومبر ، 2019
اسکواش کھلاڑی رفعت خان کا علاج کس نے کروایا؟ وفاقی وزیر علی زیدی اور باکسر عامر خان کے درمیان ٹوئٹر پر بحث چھڑ گئی۔
پاکستان کی اسکواش کھلاڑی رفعت خان گذشتہ دنوں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئی تھیں، ان کی انجری کے بعد اسکواش فیڈریشن، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ان کی مدد سے گریز کیا تھا۔
رفعت خان کی انجری کے حوالے سے خبریں میڈیا پر آئیں تو پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان، وفاقی وزیر برائے امورِ جہاز رانی علی زیدی اور وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی ان کی مدد کی بات کی۔
رفعت خان کا گذشتہ دنوں علاج ہوگیا اور وہ گھٹنے کے آپریشن کے بعد صحت یابی کی جانب گامزن ہیں لیکن ان کے علاج کا کریڈیٹ لینے پر باکسر عامر خان اور وفاقی وزیر علی زیدی میں بحث چِھڑگئی ہے۔
باکسر عامر خان نے سوشل میڈیا پراعلان کیا کہ انہوں نے اسکواش کھلاڑی رفعت خان کی مدد کی تھی جس پر علی زیدی نے کہا کہ عامر خان کام کے بغیر کریڈیٹ نہ لیں، مدد ان کی وزارت بندرگاہ و جہازرانی نے کی تھی۔
جواب میں عامر خان نے بھی رفعت کو بھیجی گئی رقوم کی منتقلی کی رسیدیں سوشل میڈیا پر لگادیں اور کہہ دیا کہ مدد میں نے کی ہے، حکومت نے نہیں۔
دوسری جانب جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر اسکواش کھلاڑی رفعت خان نے تصدیق کی ہے کہ عامر خان اور علی زیدی دونوں نے ان کی مدد کی اور وہ ان دونوں کی شکرگزار ہیں۔