28 نومبر ، 2019
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم میں کئی اہم تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ محمد عباس بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل سے ایڈیلیڈ میں شروع ہو رہا ہے جوکہ فلڈ لائٹس میں پنک بال کے ساتھ کھیلا جائے گا۔
ایڈیلیڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان اظہر علی نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں سب کھلاڑی پرجوش ہیں اور وہ مثبت انداز میں ہی میدان میں اتریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کو مختلف حکمت عملی کے ساتھ اور پہلے سیشن کو آخری سیشن سمجھ کر کھیلنا پڑتا ہے۔
اظہر علی نے کہا کہ ڈریسنگ روم کے موجودہ مثبت ماحول کا فائدہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہو گا، اگرچہ برسبین ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ا لیکن تیسرے اور چوتھے روز بولروں اور بیٹسمینوں نے فائٹ کیا۔
کپتان اظہر علی نے ٹیم میں تبدیلیوں کے حوالے سے کہا کہ تمام کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب ہیں، ٹیم میں ضرور کچھ تبدیلیاں ہوں گی اور محمد عباس ایکشن میں ہوں گے۔
اظہر علی نے اپنے حوالے سے بتایا کہ وہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ امام الحق، شان مسعود کے ساتھ اوپننگ کریں گے جب کہ حارث سہیل کو جگہ خالی کرنا پڑے گی۔
اسی طرح اظہر علی نے پریس کانفرنس میں نسیم شاہ کو آرام دینے اور موسیٰ خان کی ٹیم میں شمولیت کا عندیہ بھی دیا اور کہا کہ نسیم شاہ نے اپنی بولنگ سے بہت متاثر کیا ہے لیکن ابھی اس کی عمر سولہ سال ہے اس لیے اس زیادہ دباؤ نہیں ڈالا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ "نسیم شاہ کو محتاط طریقے سے ساتھ لے کر چلنا ہو گا، میرے خیال میں نسیم شاہ میں بہت ٹیلنٹ ہے اور وہ ایک شاندار بولر ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ موسی خان بھی باصلاحیت ہیں اور امید ہے کہ انہیں بھی جب موقع ملے گا وہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔