02 دسمبر ، 2019
لاہور : لیاقت آباد میں غباروں میں ہوا بھرنے والے سلنڈر میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
لاہور کے علاقے لیاقت آباد میں سالار روڈ پر غباروں میں گیس بھرنے کا عمل جاری تھا کہ اچانک سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا اور سلنڈر پھٹنے کے بعد اردگرد آگ لگ گئی جس سے خاتون سمیت 6 افراد جھلس گئے۔
دھماکے میں جھلسنے والا 50 سالہ اسحاق موقع پر دم توڑ گیا جب کہ دیگر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج 18 سالہ عظیم اور 60 سالہ نامعلوم خاتون جاں بحق ہوگئیں۔
واقعے میں زخمی ہونے والے مزید تین افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
سلنڈر دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اورپولیس اور فرانزک کی ٹیمیں جائے حادثہ پہنچیں جہاں سے شواہد بھی اکٹھے کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غباروں کی ٹینکی کے مالک کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور واقعے کے تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جائے گی۔