07 دسمبر ، 2019
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے ڈرافٹنگ کا آغاز ہو چکا ہے اور مداحوں کو سپر لیگ سے قبل اس کے ٹائٹل سانگ کا بے چینی سے انتظار رہتا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے چار سیزن ہو چکے ہیں جن میں شروع کے 3 ایڈیشن کے ترانے معروف گلوکار علی ظفر کی آواز میں تھے جب کہ پی ایس ایل 2019 یعنی چوتھے ایڈیشن کے ٹائٹل میں اداکار و گلوکار فواد خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔
پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں گلوکار علی ظفر نے ترانہ ’اب کھیل کے دکھا‘، دوسرے ایڈیشن کا ترانہ ’اب کھیل جمے گا‘ اور تیسرے ایڈیشن کا ترانہ ’دل سے جان لگا دے‘ گائے۔
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن 2019 کے ترانے ’کھیل دیوانوں کا‘ کی بات کی جائے تو وہ اداکار و گلوکار فواد خان نے گنگنایا تھا جب کہ اسے شجاع حیدر کی جانب لکھا اور پروڈیوس کیا گیا تھا۔
لیکن اس بار پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کا ترانہ متوقع طور پر گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب شوبز کی ویب سائٹ ای ٹرینڈز کے مطابق پی ایس ایل 2020 کے میگا ایونٹ میں بین الاقوامی گلوکاروں کی آمد بھی متوقع ہے۔
امکان ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن 2020 میں بین الاقوامی گلوکار سابرینا کارپنٹر اور ایلن واکر اسٹیج پر پرفارم کریں گے، واضح رہے کہ ایلن واکر برطانوی ڈی جے ہیں جب کہ سابرینا کارپنٹر امریکی گلوکارہ و اداکارہ ہیں۔
واضح رہے کہ ہر سال پی ایس ایل کے ٹائٹل سانگ کے لیے بہترین گلوکار کا چناؤ کیا جاتا ہے تاہم فی الحال اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا لیکن امید یہی کی جا رہی ہے کہ جلد ٹائٹل سانگ کے گلوکار کا اعلان کر دیا جائے گا۔