Time 07 دسمبر ، 2019
پاکستان

’برطانوی صحافی پر مقدمے کیلئے اثاثے بیچ کر شہباز شریف کو پیسے دینے کو تیار ہوں‘

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نےکہا ہے کہ  شہباز شریف لندن میں ہونے کے باوجود اپنے خلاف کرپشن کی خبریں دینے والے صحافی کے خلاف کارروائی نہیں کر رہے، اگر ان کے پاس وکیل کی فیس نہیں تو وہ اپنے اثاثے بیچ کر انہیں پیسے دینے کو تیار  ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو(نیب) نے شہباز شریف کے فرنٹ مین نثار احمد گل سمیت دیگر ملزمان پکڑ لیے ہیں، جن کے ذریعے شہباز شریف فیملی اربوں روپے کی کرپشن کرتی رہی ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا واپس آنے کا ارادہ نہیں، انہیں پتہ ہے کہ وہ پھنس گئے ہیں، برطانوی صحافی ڈیوڈ روز، اس حوالے سے روز ٹوئٹ کر رہا ہے کہ شہباز شریف کہاں ہیں آپ ؟

نواز شریف کی بیماری کے  حوالے سے فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ نواز شریف بیمار تھے ، وزیر اعظم نے انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر باہر جانے کی اجازت دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال  برطانوی اخبار ڈیلی میل نے ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔

ڈیلی میل نے اپنی خبر میں دعویٰ کیا کہ کہ شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے برطانوی ادارے سے ملنے والی رقم میں خُرد برد کی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو دی گئی امداد میں سے شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پاؤنڈ پنجاب کو دیے۔

بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بھی برطانوی اخبار، وزیراعظم عمران خان اور ان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :