دنیا
Time 09 دسمبر ، 2019

نیوزی لینڈ میں آتش فشاں پھٹنے سے 5 سیاح ہلاک، متعدد زخمی

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے وائٹ آئی لینڈ میں آتش فشاں پھٹ پڑا جس کے نتیجے میں 5 سیاح ہلاک اور 34 زخمی ہو گئے جب کہ 8 سیاح تاحال لاپتہ ہیں۔

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن کے مطابق  مرنے والے سیاحوں کا تعلق آسٹریلیا، امریکا، چین اور ملائیشیا سے ہے جب کہ زخمی اور لاپتہ ہونے والوں میں نیوزی لینڈ اور  برطانیہ کے شہری بھی شامل ہیں۔

جیسنڈا آرڈن نے مرنے والے افراد کے لواحقین سے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق حادثے کے وقت آتش فشاں کے قریب 47 افراد موجود تھے جن میں سے 8 تاحال لاپتہ ہیں جب کہ زخمی ہونے والے  34 افراد میں سے 31 اسپتال میں  داخل ہیں جب کہ بقیہ 3 افراد گھر جاچکے ہیں۔ 

لاپتہ ہونے والے 8 افراد کی تلاش کا کام جاری ہے اور انکی تلاش کے لیے خصوصی ریسکیوٹیمیں بھیجی گئی ہیں۔

تاہم پولیس حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جزیرے پر کسی کا بھی زندہ رہنا مشکل ہے اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

مزید خبریں :