آئندہ برس جنوبی افریقا کی ٹیم پاکستان آئے گی، پی سی بی کی تصدیق

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اعلان کیا ہے کہ میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ایک ٹیم فروری میں پاکستان کا دورہ کرے گی جبکہ جنوبی افریقی بورڈ بھی ٹیم پاکستان بھیجنے پر راضی ہے اور آسٹریلیا سے دو کی بجائے تین ٹیسٹ کھیلنے پر بھی رضامندی ہوگئی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس میں وسیم خان نے کہا کہ کمار سنگاکارا کی قیادت میں ایم سی سی کی ٹیم فروری 2020 میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور لاہور میں میچز کھیلے گی۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی افریقی بورڈ ابتدائی طور پر مارچ 2020 میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے ٹیم بھیجنے کو تیار ہے تاہم مزید بات چیت جاری ہے، میرا آسٹریلیا کا دورہ مفید رہا اور یہ اتفاق ہوا ہے کہ اب سیریز میں آسٹریلیا پاکستان سے 2 کی بجائے 3 ٹیسٹ کھیلے گا۔

بنگلا دیش کے دورے پر پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش ٹی ٹوئنٹی پر تو تیار ہے لیکن ٹیسٹ میچز کیلئے ہچکاہٹ کا شکار ہے جس پر ان سے پوچھا ہے کہ انہیں کیا مسئلہ ہے۔

وسیم اکرم کرکٹ کمیٹی کے سربراہ نہیں ہوں گے، وسیم خان

وسیم خان نے تصدیق کی کہ وسیم اکرم کرکٹ کمیٹی کے سربراہ نہیں ہوں گے تاہم وہ اور عروج ممتاز کمیٹی کی رکن رہیں گے، وسیم اکرم کی پوری دنیا میں بہت عزت ہے اور وہ لیجنڈ ہیں، ان پر ماضی کے الزامات ثابت نہیں ہوئے۔

وسیم خان نے کہا کہ مصباح کا بوجھ ہلکا کرنے کیلئے ندیم خان موجود ہیں، اظہر علی کو ایک دو سیریز کی بنیاد پر جج کرنا مناسب نہیں، وقت دیں، احتساب سب کا ہوگا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ یہاں اظہار رائے کی آزادی سب کو ہے، کرکٹ سے سب کو محبت ہے اس لیے ہر کوئی کرکٹ پر اپنی رائے دیتا ہے، مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں، اگر میں گھبرانے والا ہوتا تو پانچ ماہ قبل ہی واپس انگلینڈ روانہ ہوجاتا۔

مزید خبریں :