کھیل
Time 02 جنوری ، 2020

2019 میں کس کس کھلاڑی نے شادی کی؟

گزشتہ سال کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والے کچھ کھلاڑیوں کے لیے بہت ہی خوش قسمت اور یادگار رہا،فوٹو:فائل

سال 2019 ختم ہو کر نئے سال 2020 کا سورج طلوع ہوچکا ہے لیکن گزشتہ سال کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والے کچھ کھلاڑیوں کے لیے بہت ہی خوش قسمت اور یادگار رہا،انہوں نے اپنے اپنے شریک حیات کے ساتھ زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کیا۔ 

2019 میں جو کھلاڑی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، ان میں پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹر عثمان صلاح الدین ، فاسٹ بولر حسن علی، آل راؤنڈر عماد وسیم ،نمبر ون ٹینس اسٹار رافیل نڈال ، سابق ترک نژاد جرمن فٹبالر مسعود اوزل، انگلش فٹبال ٹیم کپتان ہیری کین، ریال میڈرڈ کے فٹبالر سرگیو راموس،اسپینش ٹینس اسٹار رابرٹو باٹسٹا اگٹو ، ٹینس کھلاڑی فلکیانولوپیز، بنگلا دیشی اسپنر مہدی حسن اور بھارتی بیٹسمین مینش پانڈے نے سر پر سہرا سجایا جب کہ ٹینس اسٹار کیرولین ووزنیاکی، الیسن ریسکی اور نیڈر لینڈ کی ٹینس کھلاڑی کیکی برٹینز پیا دیس سدھار گئیں ۔

عثمان صلاح الدین

فوٹو:سوشل میڈیا

2019 کے آغاز میں پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹرعثمان صلاح الدین نے سر پر سہرا سجایا۔ البتہ ان کا نکاح 2019 فروری میں ہوا تاہم ان کی شادی 21 جنوری کو ہوئی۔ 29سالہ رائٹ ہینڈ بیٹسمین کی 2018 میں کراچی سے لاہور جاتے ہوئے جہاز میں صباءعارف سے ملاقات ہوئی تھی، بعدازاں انہوں نے باقاعدہ صباء کے گھر رشتہ بھیجا ۔ 2 دسمبر کو 29 ویں سالگرہ منانے والے عثمان صلاح الدین نے جون 2018ء میں ہیڈ نگلے لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔

مہدی حسن

فوٹو:سوشل میڈیا

بنگلا دیشی اسپنر مہدی حسن نے مارچ میں اپنی منگیتر رابعہ اختر پریتی کے ساتھ ایک نئی زندگی کا آغاز کیا، بنگلا دیشی کھلاڑی مہدی حسن 5 مارچ کو نیوزی لینڈ میں ہونے و الے دہشت گردی کے حملے کی وجہ سے سخت صدمے میں تھے تاہم انہوں نے اس صدمے سے نکالنے کے لیے شادی کی۔ 22 سالہ مہدی حسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج میں اپنی ایک نئی زندگی آغاز کرنے جارہا ہوں۔ میں فینز اور دوستوں سے اپنی نئی زندگی کا آغاز کرنے پر دعا کی درخواست کرتا ہوں۔

مسعود اوزل

انگلش پریمیئر لیگ میں تہلکہ مچانے والے ترک نژاد جرمن مسلم فٹبالر مسعود اوزل نےجون میں سابق مس ترکی کے ساتھ شادی کی جس میں ترک صدر رجب طیب ایردوان ان کی شادی کے گواہ بنے۔ انگلش کلب آرسنل کے مڈفیلڈر کی 2017 میں سوئیڈش نژاد ترک اداکارہ اور ماڈل امینہ گلسی سے ملاقات ہوئی تھی اور وہ انہیں کے اسیر ہو کر رہ گئے۔

فوٹو:سوشل میڈیا

 دونوں نے گزشتہ برس جون میں منگنی کی تھی۔خیال رہے کہ 30 سالہ مسعود اوزل نے2018 میں انٹرنیشنل فٹبال سے کنارہ کشی اختیار کی ۔ 2018 ورلڈ کپ میں جرمنی کو جنوبی کوریا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی جس کے بعد جرمن فٹبال فیڈریشن نے ٹیم کی ناقص کارکردگی کاسارا ملبہ مسلم کھلاڑی پر ڈالا اور مسلم کھلاڑی کی میگا ایونٹ سے قبل ترک صدر سے ملاقات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ہیری کین

فوٹو:سوشل میڈیا

انگلینڈ فٹبال ٹیم کے کپتان ہیری کین نے بچپن کی دوست کیٹ گڈ لینڈ سے شادی کی۔ انگلش کلب ٹوٹہنم ہاٹ کے سپراسٹرائیکر نے ٹوئٹر پر شادی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’بالآخر اپنی بیسٹ فرینڈ سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا'۔ ہیری کین نے 2015 میں انٹرنیشنل فٹبال میں قدم رکھا اورقومی ٹیم انگلینڈ کی جانب سے 42میچز میں 32گول کرچکے ہیں,خیال رہے کہ وہ2018 فیفا ورلڈ کپ کے ٹاپ اسکورر بھی رہے ااور نہوں نے 6 بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔

سرگیو راموس

ریال میڈرڈ کے فٹبالر سرگیو راموس جون میں پائلررابیو سے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے، ہسپانوی فٹبالر ستمبر 2012کو جرنلسٹ اور پریزنٹر پائلر رابیو سے ملے تھے۔ انکی شادی میں کرسٹیا نورونالڈو کے علاوہ نامور فٹبالرڈیوڈ بیکہم اور ان کی اہلیہ وکٹوریا بیکہم، سابق لالیگا اسٹارجورڈی البا، لوکا مورڈچ، کیلرنواس، رابرٹو کارلوس سمیت ودیگر شخصیات نے شرکت کی۔

کرولین ووزنیاکی

فوٹو:سوشل میڈیا

ڈنمارک کی ٹینس اسٹار کیرولین ووزنیاکی نے بھی گھر بسالیا۔ 26سالہ ڈینش سپر اسٹار اور 36سالہ باسکٹ بال کھلاڑی ڈیوڈ لی نے 2017 میں منگنی کی تھی تاہم دونوں جون میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ان کی شادی کی پرقار تقریب اٹلی کے شہر ٹسکانے میں ہوئی جس میں 120 سے زائد مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا اور ان کی بہترین دوست اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز برائیڈ میڈ تھیں۔ اس کے علاوہ اینجلک کربر، آگنیسکاراڈونسکا اور ارذولا راڈونسکا نے شرکت کی۔ کیرولین ووزنیاکی آئندہ سال ٹینس کی دنیا کو خیرباد کہہ دیں گی۔

الیسن ریسکی

فوٹو:سوشل میڈیا

امریکی ٹینس اسٹار الیسن ریسکی نے جولائی میں اپنے دوست اور سابق بھارتی ٹینس پلیئر انندامرت راج کے بیٹے اسٹیفن امرت راج کو اپنی زندگی کا ساتھی چنا۔ سال 2019 ان کے لئے بہت شاندار رہا۔ 29سالہ ٹینس کھلاڑی نے اپنے کیرئیر کا دوسرا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتا اور2019 ومبلڈن اوپن میں سابق عالمی نمبر ایک ایشلی برٹی کو اپ سیٹ کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی اور کیرئیر کی بہترین رینکنگ 18ویں پوزیشن حاصل کی۔

حسن علی

2019 کے وسط میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی بھارتی دوشیزہ کے حسن میں جال میں پھنسے۔ انہوں نے اگست میں بھارتی دلہن سامعہ آرزو کے ساتھ نئی اننگز کا آغاز کیا۔ ان کی شادی کی تقریب دبئی کے ایک سیون اسٹار ہوٹل میں ہوئی جس میں رشتے داروں، قریبی دوستوں نے شرکت کی۔ بعدازاں پاکستان میں استقبالیہ دیا گیا۔

فوٹو:سوشل میڈیا

 آج کل وہ پسلی کی ہڈی فریکچر ہونے کے باعث قومی ٹیم سے باہر ہیں۔25 سالہ بولر نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے 9ٹیسٹ میچز میں 31کھلاڑیوں کا میدان بدر کیا جب کہ ون ڈے انٹرنیشنل میں 82 اور ٹی ٹوئنٹی میں 35 وکٹیں اپنے نام کررکھی ہیں۔

عماد وسیم

حسن علی کے بعد پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم بھی دولہا بن گئے، سید عماد وسیم حیدر24 اگست کو پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی ثانیہ اشفاق سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ ان کے نکاح کی تقریب اسلام آباد کی فیصل مسجد میں سادگی کے ساتھ انجام پائی جس میں دولہا دلہن کے اہلخانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔31سالہ آل راؤنڈر نے ابھی تک کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا تاہم وہ53 ایک روزہ انٹرنیشنل میچزکھیلتے ہوئے 952رنز بناچکے ہیں اور 42 شکار کرچکے ہیں۔

فلکیانولوپیز

فوٹو:سوشل میڈیا

ہسپانوی ٹینس اسٹار فلکیانو لوپیزنے 20ستمبر یعنی اپنی سالگرہ کے دن اپنی گرل فرینڈ سانڈرا گاگو سے شادی کی۔ اس طرح 38سالہ ٹینس اسٹار کو اس دن بیسٹ برتھ ڈےگفٹ ملا۔ ان کی شادی پر ساتھی کھلاڑیوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی۔ ٹینس پلیئر نے ٹوئٹر پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’میں نے خوشی کی بہت ساری تعریفیں پڑھی ہیں لیکن کوئی بھی تعریف ان کے لیے کبھی اتنی اہمیت کی حامل نہیں رہی لیکن گزشتہ دن آپ سب میری زندگی کے اہم دن کے موقع پر ہمارے ساتھ تھے، یہ دن غالبا میرے زندگی کا بیسٹ برتھ ڈے گفٹ تھا۔‘‘

رافیل نڈال

فوٹو:سوشل میڈیا

عالمی نمبرایک ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے2019 میں اپنی زندگی کے حوالے سے اہم ترین فیصلہ کرکے اپنی محبت کو شادی میں بدل دیا۔ ہسپانوی ٹینس اسٹار اور ماریا فرانسسکا پیرلو 2005 میں ایک دوسرے سے ملے تھے اور 14سالہ رفاقت کے بعد نڈال نےماریا فرانسسکا پیر لوکو شریک حیات بنانے کا فیصلہ کیا۔ خیال رہے کہ 33سال ٹینس کھلاڑی نے 2005 میں پہلی بار گرینڈ سلم ٹائٹل فرنچ اوپن جیتا تھا۔ سال 2019 ان کے لئےخوش قسمت ترین سال رہا۔ انہوں نےرواں سال دوگرینڈ سلیم ٹائٹلزفرنچ اوپن اور یو ایس اوپن اپنے نام کیا اور ورلڈ اے ٹی پی رینکنگ میں کی پہلی پوزیشن پر قبضہ کیا۔

کیکی برٹینز

فوٹو:سوشل میڈیا

نیڈر لینڈ کی ٹینس کھلاڑی کیکی برٹینز کے لیے سال 2019 بہت شاندار رہا۔ 28سالہ ٹینس پلیئر نے28نومبر کو اپنے فزیو تھراپسٹ ریمکو ڈی ریجک کو جیون ساتھی بنانے کا فیصلہ کیا اور ساتھ ہی کیرئیر کی بہترین ٹینس رینکنگ عالمی نمبر 4 پوزیشن پر پہنچنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ ان کی شادی کے موقع پر ٹینس اسٹارز جوہانا کونٹا، ایلسے مارٹنز، انسٹاشیاپالینچکووا اور کرسٹینا ملاڈینکووچ نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ انہوں نے رواں سیزن میں عالمی نمبر تین سائمونا ہیلپ کو اپ سیٹ کرکے 2019میڈرڈ اوپن جیتا اور میڈرڈ میں کسی سیٹ کو ڈراپ کرنے والی پہلی خواتین کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

رابرٹو باٹسٹا اگٹو

فوٹو:سوشل میڈیا

اسپینش ٹینس اسٹاررابر ٹو باٹسٹا اگٹو نے بھی 2019 کے اختتام میں نئی زندگی کا آغاز کیا۔ انہوں نے 30نومبر کو اپنی گہری دوست اینا بوڈی ٹورٹوسا سے شادی کی۔ واضح رہے کہ رابرٹو باٹسٹا اگٹو سال 2019میں پہلی بار گرینڈ سلیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا عزاز حاصل کیا۔ عالمی نمبر 9 کھلاڑی 9 ٹائٹلز جیت چکے ہیں جب کہ سات ٹورنامنٹس میں رنرز اپ رہ چکے ہیں۔

منیش پانڈے

فوٹو:انڈین میڈیا

بھارتی بیٹسمین منیش پانڈے نے بھی گھر بسالیا اور بھارتی اداکارہ اشریتا شیٹی کو شریک حیات بنانے کا فیصلہ کیا۔ دسمبر کے اختتام میں استقبالیہ کی تقریب ہوئی۔ جس میں خاندان اور دوستوں سمیت دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ ان کی شادی میں سابق کرکٹر راہول ڈریوڈاور کوچ عرفان سیت سمیت دیگر کھلاڑی بھی نظر آئے۔ 30سالہ منیش پانڈے نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ہونے والی سیریز میں بھی ٹیم کا حصہ ہوںگے۔ خیال رہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین نے 2015 میں و ن ڈے کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ 2016 ورلڈ کپ میں یوراج سنگھ کی جگہ ان کو بھارتی ٹیم میں شامل کیا تھا ۔ اور 2017چیمپئنز ٹرافی کے 15رکنی میں بھی ان کا نام شامل تھا۔

مزید خبریں :