Time 05 جنوری ، 2020
پاکستان

ننکانہ صاحب واقعہ؛ ملکی سالمیت کے دشمنوں نے گھناؤنی سازش کی: وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے ننکانہ صاحب میں پیش آنے والے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سالمیت اور بھائی چارے کے دشمنوں کے گھناؤنی سازش کی۔

چند روز قبل ننکانہ صاحب میں 2 مسلم گروہوں کے مابین معمولی ہاتھا پائی کا واقعہ چائے کے اسٹال پر ہوا جس کے بعد انتظامیہ نے ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔

مذکورہ واقعے پر دفتر خارجہ کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا تھا کہ ننکانہ صاحب میں ہونے والے واقعے کو فرقہ وارانہ مسئلہ قرار دینے کی کوششیں غلط ہیں اور مقدس مقام کی بے حرمتی کرنے کے دعوے جھوٹے اور شرارت پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ناصرف میرے وژن کے خلاف ہے بلکہ حکومت، پولیس اور عدلیہ کی جانب سے ناقابل برداشت ہے۔

اب ننکانہ صاحب میں سکھ کمیونٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے بھی ننکانہ صاحب کو بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔

اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، ملکی سالمیت اور بھائی چارے کے دشمنوں نے گھناؤنی سازش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی میڈیا میں ننکانہ صاحب میں پیش آنے والے واقعے کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان اور ہماری ہمدردیاں سکھ کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ درج ہو چکا ہے، تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری سردار مہندر پال سنگھ کا کہنا تھا سکھ کمیونٹی سے اظہار یکجہتی پر حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت کے مشکور ہیں۔

سردار مہندر پال سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔

مزید خبریں :