ڈیوڈ ویزا قلندرز کو کامیاب بنانے کیلئے پر عزم

 پوری کوشش ہوگی کہ گراؤنڈ پر اپنا بہترین دوں اور لاہور قلندرز کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کروں، جنوبی افریقی کرکٹر

جنوبی افریقی کرکٹر ڈیوڈ ویزا پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کو کامیاب بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔

34 سالہ آل راونڈر ڈیوڈ ویزا کا کہنا ہے کہ ان کی پوری کوشش ہوگی کہ وہ گراؤنڈ پر اپنا بہترین دیں اور لاہور قلندرز کی کامیابی مین اپنا کردار ادا کریں۔

گزشتہ پی ایس ایل سیزن میں ملتان سلطانز کیخلاف میچ میں آخری گیند پر چھکا لگاکر لاہور قلندرز کو کامیابی دلوانے والے جنوبی افریقی آل راونڈر کو اس سال قلندرز نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں ری ٹین کیا تھا۔

چھ ایک روزہ اور بیس ٹی ٹوئنٹی میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر نے کہا کہ وہ ایک بار پھر لاہور قلندرز کا حصہ بننے پر خوش ہیں ، ان کی کوشش ہوگی کہ وہ ٹورنامنٹ میں ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کریں جس سے لاہور قلندرز کو کامیابی میں مدد مل سکے۔

ڈیوڈ ویزا مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں اپنی صلاحیتیں منواچکے ہیں۔ 2019پروفیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے کرکٹر نے لاہور قلندرز کے فینز سے کہا کہ وہ اپنی پسندیدہ ٹیم کی سپورٹ کا سلسلہ جاری رکھے۔

پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن بیس فروری سے شروع ہوگا، کراچی میں ہونے والے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ دو مرتبہ کی سابق چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ سے ہوگا۔

مزید خبریں :