Time 15 جنوری ، 2020
پاکستان

پنجاب: ایک سال کے دوران 90 ہزار لوگ کتے کے کاٹنے کا شکار

پنجاب کے 36 اضلاع میں ایک سال کے دوران 90 ہزار لوگ آوارہ کتوں کے کاٹنے کا شکار ہوئے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں آوارہ کتوں کے راج سے شہری پریشان ہو کر رہ گئے، ایک رپورٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ سال کے دوران تقریباً 90 ہزار افراد سگ گزیدگی کا شکار ہوئے جب کہ صرف لاہور میں 6 ہزار افراد نے کتوں کے کاٹے کی ویکسی نیشن کرائی۔

جیو نیوز نے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال سے بات کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے بات کرنے سے انکار کر دیا۔

سرکاری حکام کے مطابق صوبے میں صرف ایک ڈاگ بائیٹ ویکسی نیشن سینٹر ہے جو لاہور میں برڈوڈ روڈ پر واقع ہے، صوبے بھر سے سگ گزیدگی کے شکار افراد کو ویکسی نیشن کے لیے اس سینٹر میں لایا جاتا ہے۔

ایڈیشنل سیکریٹری صحت پنجاب عاصم الطاف نے بتایا کہ شہری آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے عدم تحفظ کا شکار ہیں، اضلاع کی انتظامیہ اپنی ذمے داری پوری نہیں کر رہی۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کا خاتمہ اور متاثرہ افراد کو علاج و معالجے کی بہتر سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں :